بنگلہ دیش کا موقف اصولی ہے، آئی سی سی کے دوہرے معیارکو مسترد کر تے ہیں،محسن نقوی

بنگلہ دیش کا موقف اصولی ہے، آئی سی سی کے دوہرے معیارکو مسترد کر تے ہیں،محسن نقوی

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کا مؤقف اصولی بنیادوں پر قائم ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی کے دوہرے معیار کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کو سیاست سے بالاتر رکھا جانا چاہیے اور تمام فیصلے کھیل کے عالمی اصولوں کے مطابق ہونے چاہییں۔

لاہور میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کے دوران محسن نقوی نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے متعلق پی سی بی کے مؤقف پر کھلاڑیوں کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر کھلاڑیوں نے چیئرمین پی سی بی کے اصولی اور دوٹوک مؤقف کو سراہتے ہوئے مکمل حمایت کا اعلان کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ بھارت میں میچز نہ کھیلنے کے حوالے سے بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کا فیصلہ کرکٹ کے طے شدہ اصولوں کے عین مطابق ہے، اسی لیے پاکستان نے بھی بنگلا دیش کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کسی صورت آئی سی سی کے امتیازی یا دوہرے معیار کو قبول نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے سنہری اصول سب کے لیے برابر ہونے چاہییں، نہ کہ چند مخصوص ممالک کے لیے۔

یہ بھی پڑھیں :ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ،بنگلہ دیش نے بڑا فیصلہ کرلیا

چیئرمین پی سی بی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ حکومتِ پاکستان کے فیصلوں کا احترام کرتا ہے اور جو بھی حتمی فیصلہ ہوگا اس پر من و عن عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست زدہ کرکٹ نہ کھیل کے مفاد میں ہے اور نہ ہی کھلاڑیوں کے لیے بہتر، اس لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو کھیل کے دائرے میں رہتے ہوئے فیصلے کرنے چاہییں۔

اس موقع پر قومی کھلاڑیوں نے کہا کہ وہ پی سی بی کے مؤقف کے ساتھ کھڑے ہیں اور کسی بھی صورتحال میں ٹیم متحد رہے گی۔ محسن نقوی نے کھلاڑیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم باصلاحیت ہے اور ہر میدان میں مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، جبکہ کامیابی کا دارومدار مضبوط ٹیم ورک پر ہوتا ہے۔

آخر میں چیئرمین پی سی بی نے پاک آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شائقین کرکٹ کو ٹیم سے بہترین کارکردگی کی توقع ہے اور کھلاڑی ان توقعات پر پورا اتریں گے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *