پنجاب حکومت نے ہسپتالوں کے سی سی ٹی وی کیمروں کو سیف سٹی اتھارٹی سے منسلک کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں صوبے کے سرکاری ہسپتالوں کی ایمرجنسی اور او پی ڈیز کے کیمروں کو سیف سٹی اتھارٹی سے منسلک کیا جائے گا اورخط میں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام متعلقہ ہسپتال سیف سٹی اتھارٹی کی ٹیموں کو مکمل سہولیات فراہم کریں۔
پنجاب حکومت کے ذرایع کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے ہسپتالوں کی سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کیلئے ایک اہم فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کے تحت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے انتظامی کنٹرول میں آنے والے تمام ہسپتالوں کے ایمرجنسی اور او پی ڈی میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کو پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے ساتھ لازمی طور پر منسلک کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: پنجاب میں اداروں کی کارکردگی کاجائزہ لینے کیلئے مانیٹرنگ سسٹم کا آغاز
محکمہ صحت کے جاری کردہ ہدایات کے مطابق تمام متعلقہ ہسپتال پنجاب سیف سٹی اتھارٹی لاہور کی ٹیموں کو مکمل تعاون اور سہولیات فراہم کرنے کے پابند ہوں گے تاکہ کیمروں کے انضمام کا عمل بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کیا جا سکے۔
جاری کردہ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ موجودہ سی سی ٹی وی کیمروں کو سیف سٹی اتھارٹی کے سسٹم کے ساتھ مربوط کرنے کے ساتھ ساتھ جہاں ضرورت محسوس کی جائے، وہاں نئے سکیورٹی کیمروں کی تنصیب بھی عمل میں لائی جا سکے گی۔
دوسری جانب پنجاب میں محکمہ صحت و آبادی کے زیر انتظام ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں موبائل فون کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کردی گئی۔ تمام اضلاع کے سی ای اوز ہیلتھ،ڈسٹرکٹ و تحصیل ہسپتالوں کے سربراہان کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔
مراسلے کے مطابق ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکس سمیت تمام سٹاف پر موبائل فون کا استعمال ممنوع ہے،ایمرجنسی میں ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز و عملہ لینڈ لائن فون استعمال کریں۔ مراسلے کے مطابق دوران ڈیوٹی ایمرجنسی میں موبائل فون استعمال پر تادیبی کارروائی ہوگی۔