پاکستان کے پاسپورٹ اینڈ امیگریشن نظام کو جدید خطوط پر استوار کر دیا گیا ہے جس کے بعد پاسپورٹ کے اجرا میں تاخیر کا خاتمہ ہوگا جبکہ پاسپورٹ سے متعلق تمام امور براہ راست نگرانی کے دائرے میں آگئے ہیں اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی طرف سے اسلام آباد میں پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے نئے ڈیجیٹل مانیٹڑنگ سسٹم کا افتتاح کر دیا گیا ہے
نئے نظام کے تحت اب پاکستان اور بیرونِ ملک سے دی جانے والی پاسپورٹ درخواستوں، ان کی پروسیسنگ، پرنٹنگ اور ڈیلیوری کے ہر مرحلے کو رئیل ٹائم بنیادوں پر مانیٹر کیا جا سکے گا۔ اس کے ساتھ ہی وزیر داخلہ کی ہدایت پر ایمرجنسی ٹریول ڈاکومنٹس کا پورا طریقہ کار بھی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
محسن نقوی کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس میں جدید مانیٹرنگ روم اور کال سینٹر چوبیس گھنٹے بلا تعطل فعال ہیں، جہاں شہریوں کی درخواستوں اور شکایات پر فوری کارروائی ممکن بنائی گئی ہے۔ وزیر داخلہ نے جدید ہائبرڈ انٹیلیجنس اور ڈیٹا اینالیٹکسپر مبنی سسٹم کا بھی معائنہ کیا، جو فیصلوں میں شفافیت اور کارکردگی بہتر بنانے میں مدد دے گا

