پی ایس ایل کے گیارہویں ایڈیشن کی اختتامی تقریب قذافی اسٹیڈیم میں نہایت شاندار، دلکش اور رنگا رنگ انداز میں منعقد ہوئی جس نے شائقینِ کرکٹ اور موسیقی کے دیوانوں کو یکساں طور پر محظوظ کر دیا، اس موقع پر اسٹیڈیم کو خوبصورت روشنیوں، روایتی ثقافتی رنگوں اور جوش و خروش سے بھرپور ماحول میں سجایا گیا تھا جہاں ہزاروں تماشائی موجود تھے۔
تقریب کی سب سے بڑی کشش لوک موسیقی کے معروف فنکار عارف لوہار کی جاندار پرفارمنس رہی، ان کے مشہور روایتی گیتوں اور مخصوص اندازِ گائیکی نے اسٹیڈیم میں موجود شائقین کو جھومنے پر مجبور کر دیا، ڈھول کی تھاپ اور ان کی طاقتور آواز نے ایسا سماں باندھا کہ ہر طرف تالیاں اور نعروں کی گونج سنائی دیتی رہی۔
اس کے ساتھ ساتھ معروف گلوکار عاطف اسلم نے بھی اپنی دلکش آواز میں جذباتی اور سُریلے گیت پیش کیے جنہیں شائقین نے بے حد سراہا، ان کی پرفارمنس نے ماحول کو مزید پُرجوش اور دلنشین بنا دیا۔
اسی طرح آئمہ بیگ نے بھی اپنی سریلی آواز اور اسٹیج پر پُراعتماد انداز سے تقریب میں رنگ بھر دیا اور نوجوانوں کی خاص توجہ حاصل کی،عالمی شہرت یافتہ صوفی میوزک گروپ صابری سسٹرز نے بھی اپنی روحانی اور وجدانی موسیقی سے اسٹیڈیم میں ایک منفرد سماں پیدا کیا۔
تقریب میں دیگر فنکاروں نے بھی اپنی شاندار پرفارمنس سے اسٹیج کو چار چاند لگا دیے اور پورے اسٹیڈیم کو تالیاں اور نعروں سے گونجتا رکھا، ہر فنکار نے اپنی بہترین کارکردگی پیش کر کے شائقین کے دل جیت لیے،اختتامی تقریب کے بعد اب کرکٹ کا سب سے بڑا معرکہ شروع ہونے جا رہا ہے جہاں فائنل میں پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگز آمنے سامنے ہوں گی۔