ہمالیہ کے بلند و بالا پہاڑوں میں جہاں آکسیجن کی کمی اور سخت موسمی حالات زندگی کو مشکل بنا دیتے ہیں وہاں ایک نہایت نایاب اور خوبصورت پھول پایا جاتا ہے جسے ’ہمالین بلیو پوپی‘کہا جاتا ہے۔ یہ منفرد پھول کئی سال تک خاموشی سے بڑھتا رہتا ہےمگر حیران کن طور پر صرف ایک بار کھلتا ہے اور پھر ہمیشہ کے لیے ختم ہو جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ پھول تقریباً 17 ہزار فٹ کی بلندی پر اگتا ہے جہاں عام پودوں کا زندہ رہنا بھی مشکل ہوتا ہے۔ اس کی خاص بات صرف اس کی خوبصورتی نہیں بلکہ اس کی طبی اہمیت بھی ہے کیونکہ روایتی تبتی ادویات میں اسے خاص مقام حاصل ہے۔
تاہم ماحولیاتی تبدیلیاں اس نایاب پھول کے لیے خطرہ بنتی جا رہی ہیں۔ درجہ حرارت میں تبدیلی، برفباری کے پیٹرن میں فرق اور انسانی مداخلت اس کے قدرتی مسکن کو متاثر کر رہے ہیں جس کے باعث اس کے معدوم ہونے کا خدشہ بڑھ رہا ہے۔
ماہرین ماحولیات کا کہنا ہے کہ ہمالین بلیو پوپی صرف ایک پھول نہیں بلکہ قدرت کی نازکی اور حسن کی ایک جیتی جاگتی مثال ہے۔ اس کا ایک بار کھلنا ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ قدرتی وسائل کی حفاظت کتنی ضروری ہے۔
یہ نایاب پھول نہ صرف سائنسی تحقیق کے لیے اہم ہے بلکہ ماحولیاتی شعور اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔