پاکستان سپر لیگ کے گیارھویں ایڈیشن کے لیے پلیئرز آکشن سے قبل کھلاڑیوں کی درجہ بندی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے، جس کے تحت مقامی کھلاڑیوں کو گولڈ، سلور اور ایمرجنگ کیٹگریز میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔
لیگ میں شریک فرنچائزز نے اپنی حکمتِ عملی کے مطابق متعدد کھلاڑیوں کو یا تو برقرار رکھا ہے یا آکشن پول میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گولڈ کیٹگری میں مجموعی طور پر 33 مقامی کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے، جنہیں ریٹین یا آکشن کے لیے دستیاب رکھا جائے گا۔ اسی طرح سلور کیٹگری میں 16 کھلاڑیوں کو جگہ دی گئی ہے، جبکہ ایمرجنگ کیٹگری میں 14 نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے تاکہ نئی صلاحیتوں کو سامنے آنے کا موقع مل سکے۔
سلور کیٹگری میں ملتان سلطانز کی جانب سے یاسر خان، عامر برکی، محمد جنید، ہمایوں الطاف، علی عمران اور عبید شاہ کو شامل کیا گیا ہے۔ لاہور قلندرز نے محمد اخلاق، محمد نعیم اور عازب کو اس کیٹگری میں رکھا ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے محمد فائق اور حنین شاہ بھی سلور کیٹگری کا حصہ ہوں گے۔
دیگر فرنچائزز کی بات کی جائے تو پشاور زلمی نے عارف یعقوب اور مہران ممتاز، کراچی کنگز نے مرزا معمون جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے علی ماجد کو سلور کیٹگری میں شامل کیا ہے۔
ایمرجنگ کیٹگری میں نوجوان اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے۔ اس فہرست میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے سعد مسعود، محمد شہزاد اور غازی غوری شامل ہیں۔ کراچی کنگز کے ریاض اللہ، فواد علی اور سعد بیگ بھی اسی کیٹگری میں رکھے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ پشاور زلمی کے معاذ صداقت، عبداللہ فضل اور علی رضا، ملتان سلطانز کے شاہد عزیر اور محمد ذوالفقار، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد ذیشان اور شامل حسین جبکہ لاہور قلندرز کے مومن قمر کو بھی ایمرجنگ کیٹگری میں شامل کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کی یہ درجہ بندی فرنچائزز کو آکشن میں اپنی ٹیموں کی تشکیل کے لیے بہتر حکمتِ عملی بنانے میں مدد دے گی، جبکہ پی ایس ایل 11 میں ایک بار پھر نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا امتزاج دیکھنے کو ملے گا۔