انڈونیشیا میں سیلاب اور ٹھنڈے لاوے نے تباہی مچا دی جس کےنتیجے میں 43افراد ہلاک ہو گئے۔
بین الاقوامی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے انڈونیشیا کے جزیرے سماٹرا میں طوفانی بارشوں کے بعد سیلاب اور آتش فشاں کے ٹھنڈے لاوے نے تباہی مچا دی جس کے نتیجے میں 43 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ غیر ملکی میڈیا کا بتانا ہے شدید بارشوں کے باعث آنے والا سیلاب جزیرے سماٹرا پر واقع پہاڑ ماراپی سے نکلنے والے آتش فشاں کے ملبے کو بھی اپنے ساتھ بہا لایا جس سے بے پناہ تباہی ہوئی۔
مزید پڑھیں:افغانستان میں سیلاب نے تباہی مچادی، سیکڑوں افراد جاں بحق
پہاڑ سے نکلنے والے آتش فشاں کے ملبے میں ریت اور راکھ شامل ہوتی ہے جو سیلاب کے ساتھ بہہ کر ٹھنڈے لاوے کی شکل اختیار کر لیتا ہے۔ انڈو نیشیا کی ڈیزاسٹر رسپانس ایجنسی کے مطابق آتش فشاں سے آنے والے مٹی کے تودوں نے اب تک 100 سے زائد گھروں اور عمارتوں کو نقصان پہنچایا ہے جب کہ سیلاب سے 14 پل بھی متاثر ہوئے ہیں، شدید بارشوں، سیلاب اور ٹھنڈے لاوے کے باعث بہت سے دیہات بھی بہہ گئے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ماراپی پہاڑ کے ارد گرد موجود علاقہ پہلے بھی قدرتی آفات کا شکار رہا ہے ۔