کوئٹہ سے اندرون ملک وصوبہ تمام ٹرینیں معطل، وجہ بھی سامنے آگئی

کوئٹہ سے اندرون ملک وصوبہ تمام ٹرینیں معطل، وجہ بھی سامنے آگئی

 

سیکیورٹی خدشات کے باعث کوئٹہ سے اندرون ملک اور اندرون صوبہ چلنے والی تمام مسافر ٹرینیں عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں، جس کے باعث سینکڑوں مسافر شدید پریشانی کا شکار ہو گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ سے پنجاب جانے والی جعفر ایکسپریس،  کراچی کے لیے روانہ ہونے والی بولان میل سروس اور کوئٹہ سے چمن جانے والی چمن پسنجر ٹرین کو تاحکم ثانی بند کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایپسٹین اسکینڈل، نئی ہلچل، امریکی محکمۂ انصاف کی جانب سے 3 لاکھ فائلیں، ویڈیوز اور تصاویر جاری

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ بلوچستان میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات اور مجموعی سیکیورٹی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ٹرین آپریشن معطل کرنا ناگزیر تھا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس کو جیکب آباد کے مقام پر روک لیا گیا تھا، تاہم متاثرہ مسافروں کو مکمل ٹکٹ ریفنڈ فراہم کیا جائے گا۔ ریلوے انتظامیہ نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر سے قبل متعلقہ اسٹیشنوں سے معلومات حاصل کریں۔

واضح رہے کہ 29 جنوری 2026 کو سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 30 دہشتگردوں کو ہلاک کیا تھا، جب کہ پنجگور میں ایک اور کارروائی کے دوران 11 دہشتگرد مارے گئے تھے۔ ان کارروائیوں کے بعد صوبے میں سیکیورٹی الرٹ مزید سخت کر دیا گیا تھا۔

دوسری جانب آج بھی دہشتگردوں کی جانب سے پولیس پر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں 2 جوان شہید اور 3 زخمی ہو گئے۔ زخمی جوانوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں:بلوچستان: سکیورٹی فورسز کی دو مختلف کارروائیاں، بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے 41 دہشتگرد ہلاک

اس کے علاوہ گزشتہ شب محکمہ انسداد دہشتگردی، سی ٹی ڈی نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 3 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ سیکیورٹی اداروں کے مطابق دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

ریلوے حکام نے کہا ہے کہ حالات معمول پر آتے ہی ٹرین سروس کی بحالی کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا، تاہم فی الحال مسافروں کو متبادل سفری ذرائع استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *