سوئی سدرن گیس کمپنی(ایس ایس جی سی) نے گیس لوڈ مینجمنٹ کا نیا شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے تحت صنعتی صارفین اور تمام سی این جی اسٹیشنز کو عارضی طور پر گیس کی فراہمی معطل کی جائے گی۔ کمپنی ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ گیس کی دستیابی اور سسٹم میں دباؤ کو برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔
ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی کا کہنا ہے کہ صنعتی صارفین، بشمول کیپٹیو پاور پلانٹس اور تمام سی این جی اسٹیشنز بشمول آر ایل این جی پر چلنے والے اسٹیشنز کو 31 جنوری بروز ہفتہ صبح 8 بجے سے گیس کی فراہمی بند کر دی جائے گی۔ یہ تعطل 48 گھنٹوں تک جاری رہے گا اور 02 فروری بروز پیر صبح 8 بجے گیس سپلائی بحال کیے جانے کا امکان ہے۔
کمپنی حکام کے مطابق سردیوں کے موسم میں گھریلو صارفین کو ترجیحی بنیادوں پر گیس کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے یہ اقدام ناگزیر تھا۔ ترجمان نے واضح کیا کہ لوڈ مینجمنٹ کا مقصد گھریلو صارفین کو شدید قلت سے بچانا اور گیس کے نظام کو متوازن رکھنا ہے۔
گیس کی بندش کے باعث صنعتی شعبے میں پیداوار متاثر ہونے اور سی این جی پر چلنے والی ٹرانسپورٹ کو مشکلات کا سامنا کرنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ صنعتکاروں نے اس فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گیس کی طویل بندش سے پیداواری لاگت میں اضافہ اور ترسیلی نظام متاثر ہو سکتا ہے۔
سوئی سدرن گیس کمپنی نے صارفین سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالات معمول پر آتے ہی گیس فراہمی مکمل طور پر بحال کر دی جائے گی, جبکہ مستقبل میں لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے کسی بھی نئی پیش رفت سے بروقت آگاہ کیا جائے گا۔