وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں بیرونِ ملک بزنس کلاس فضائی سفر پر عائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (FED) میں بڑی کمی کی تجویز دے دی ہے جس کا مقصد بین الاقوامی سفر کو فروغ دینا اور ایوی ایشن و ٹریول انڈسٹری کو سہارا دینا بتایا جا رہا ہے۔
بجٹ دستاویز کے مطابق امریکہ کے لیے بزنس کلاس فضائی ٹکٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 3 لاکھ 50 ہزار روپے سے کم کر کے 50 ہزار روپے کرنے کی سفارش کی گئی ہے جو ایک نمایاں کمی تصور کی جا رہی ہے۔
اسی طرح یورپ کے لیے بزنس کلاس ٹکٹ پر موجودہ ایف ای ڈی 2 لاکھ 10 ہزار روپے سے کم کر کے 40 ہزار روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ مشرقِ بعید اور آسٹریلیا کے لیے بھی یہی شرح لاگو کرنے کی سفارش شامل ہے جس کے تحت ٹیکس 2 لاکھ 10 ہزار روپے سے کم ہو کر 40 ہزار روپے رہ جائے گا۔
مشرقِ وسطیٰ اور افریقہ کے لیے بزنس کلاس سفر پر عائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ایک لاکھ 5 ہزار روپے سے کم کر کے 25 ہزار روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ایف بی آر حکام کے مطابق اس مجوزہ ریلیف کا مقصد فضائی سفر کو زیادہ قابلِ رسائی بنانا، بین الاقوامی ٹکٹوں کی طلب میں اضافہ کرنا اور ملکی ایئرلائنز کو عالمی سطح پر مسابقت کے قابل بنانا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف ایوی ایشن سیکٹر کو فائدہ ہوگا بلکہ ٹریول انڈسٹری اور سیاحت کے شعبے میں بھی مثبت اثرات مرتب ہونے کی توقع ہے۔
اگر یہ تجویز منظور ہو جاتی ہے تو بیرونِ ملک سفر کرنے والے کاروباری افراد اور اعلیٰ طبقے کے مسافروں کو نمایاں مالی ریلیف حاصل ہوگا جبکہ حکومت کے ٹیکس ڈھانچے میں بھی اہم تبدیلی دیکھنے میں آئے گی۔