پاکستان کی جانب سے ورچوئل انویسٹر روڈشو کا کامیاب انعقاد، عالمی سرمایہ کاروں کا بھرپوراعتماد

پاکستان کی جانب سے ورچوئل انویسٹر روڈشو کا کامیاب انعقاد، عالمی سرمایہ کاروں کا بھرپوراعتماد

پاکستان نے عالمی سرمایہ کاروں سے روابط مضبوط کرنے کی جانب ایک اہم اور تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے ورچوئل انویسٹر روڈشو کا کامیاب انعقاد کیا، جس میں دنیا بھر سے سرکردہ سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں نے بھرپور شرکت کی، اس پیش رفت کو پاکستان کی معاشی بحالی، استحکام اور اصلاحاتی اقدامات پر عالمی اعتماد کا واضح اظہار قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس ورچوئل انویسٹر روڈشو کا انعقاد وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی قیادت میں اور اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے زیرِ اہتمام کیا گیا، جبکہ اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل، ایس آئی ایف سی، نے سرمایہ کاری کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کیا۔

عالمی سرمایہ کاروں کی ریکارڈ شرکت، تاریخی پیش رفت

مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق ’یہ ایک تاریخی ڈیویلپمنٹ ہے کہ پہلی بار اتنے بڑے پیمانے پر عالمی سرمایہ کار پاکستان کے ورچوئل روڈشو میں شریک ہوئے‘، ان کے مطابق ایونٹ میں 225 عالمی سرمایہ کاروں نے شرکت کی، جن کے زیرِ انتظام اثاثہ جات کی مجموعی مالیت 3 ٹریلین ڈالر سے زائد ہے۔

یہ بھی پڑھیں:صدر مملکت کی امارات کے نائب صدر و وزیراعظم سے ملاقات، سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

خرم شہزاد نے بتایا کہ شرکاء میں دنیا کے بڑے سرمایہ کاری ادارے اور فنڈ مینیجرز شامل تھے، جو شمالی امریکہ، یورپ، مشرق وسطیٰ اور دیگر اہم عالمی خطوں سے تعلق رکھتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ اس وسیع شرکت نے پاکستان کی معاشی سمت پر عالمی اعتماد کو مزید تقویت دی ہے۔

پاکستان کی معیشت، اصلاحات اور سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر

روڈشو کے دوران عالمی سرمایہ کاروں کے سامنے پاکستان کی میکرو اکنامک صورتحال، معاشی استحکام، جاری اصلاحاتی پروگرامز اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تفصیل سے پیش کیے گئے، خرم شہزاد کے مطابق سرمایہ کاروں کو بتایا گیا کہ پاکستان نے مالی نظم و ضبط، زرِ مبادلہ کے ذخائر میں بہتری اور ادارہ جاتی اصلاحات کے ذریعے معیشت کو استحکام کی راہ پر ڈال دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی بھرپور شرکت اس بات کی عکاس ہے کہ پاکستان کو اب ایک مستحکم اور پُرکشش سرمایہ کاری منزل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے‘۔

ایس آئی ایف سی کا ون ونڈو پلیٹ فارم، سرمایہ کاروں کے لیے سہولت

مشیر وزیر خزانہ کے مطابق ایس آئی ایف سی نے سرمایہ کاری کے لیے ون ونڈو پلیٹ فارم فراہم کر کے سرمایہ کاروں کو ایک ہی چھت کے نیچے تمام سہولیات مہیا کر دی ہیں، جس کے باعث سرمایہ کاری کے عمل میں شفافیت، رفتار اور اعتماد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

خرم شہزاد نے کہا کہ ’یہ تاریخی انگیجمنٹ پاکستان میں گلوبل سرمایہ کاروں کی بڑھتی دلچسپی اور نئے سرمایہ کاری مواقع کا واضح ثبوت ہے‘، ان کے مطابق ایس آئی ایف سی کی کاوشوں سے سرمایہ کاروں کو پالیسی سپورٹ، ریگولیٹری رہنمائی اور سہولت کاری بیک وقت فراہم کی جا رہی ہے۔

عالمی مالیاتی اداروں کی آمد، پاکستان کی ساکھ میں اضافہ

حکام کے مطابق پاکستان میں عالمی مالیاتی اداروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی، مضبوط مالیاتی ذخائر اور اصلاحاتی اقدامات کے باعث ملک کی عالمی معاشی ساکھ مزید مستحکم ہو رہی ہے، سرمایہ کاروں کی جانب سے مثبت ردعمل اس امر کی علامت ہے کہ پاکستان عالمی سرمایہ کاری کے نقشے پر دوبارہ نمایاں ہو رہا ہے۔

مزید پڑھیں:ایس آئی ایف سی کے تعاون سے قومی بلڈ ٹرانسفیوژن پالیسی کے نفاذ کا تاریخی اقدام

ماہرین کے مطابق ایس آئی ایف سی کی مؤثر حکمتِ عملی اور حکومتی اصلاحات نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے، جس کے نتیجے میں عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد مضبوط ہوا ہے اور مستقبل میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *