سونے کی قیمتوں میں زبردست دھماکہ،تیسرے دن بھی ہزاروں روپے کی ریکارڈ کمی

سونے کی قیمتوں میں زبردست دھماکہ،تیسرے دن بھی ہزاروں روپے کی ریکارڈ کمی

پاکستانی گولڈ مارکیٹ میں شدید مندی کا سلسلہ جاری ہے اور کاروباری ہفتے کے پہلے روز بھی سونے کی قیمتوں میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج فی تولہ سونا مزید 21 ہزار 500 روپے سستا ہو گیا جس کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت 4 لاکھ 90 ہزار 362 روپے پر آ گئی ہے۔ اس طرح ملکی تاریخ میں پہلی بار سونے کی قیمت چند دنوں میں پانچ لاکھ روپے کی سطح سے نیچے آ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سونے کی قیمت میں ریکارڈ اضافے کے بعد تاریخی کمی،مارکیٹ میں بھونچال

اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔ دس گرام سونا 18 ہزار 433 روپے سستا ہو کر 4 لاکھ 20 ہزار 406 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق صرف تین دن کے دوران فی تولہ سونے کی قیمت میں مجموعی طور پر 82 ہزار 500 روپے کی بھاری کمی ریکارڈ کی جا چکی ہے، جس نے خریداروں اور تاجروں دونوں کو حیران کر دیا ہے۔

گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری دو دنوں میں ہی سونے کی قیمت میں 61 ہزار روپے کی کمی دیکھی گئی تھی جبکہ آج ہونے والی کمی نے مجموعی گراوٹ کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ سونے کی قیمتوں میں اس غیر معمولی کمی کے بعد مارکیٹ میں بے یقینی کی فضا قائم ہے اور سرمایہ کار صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کے نرخوں میں ریکارڈ کمی سامنے آئی ہے۔ عالمی سطح پر سونا مزید 215 ڈالر سستا ہو کر 4676 ڈالر فی اونس پر آ گیا ہے۔ عالمی منڈی میں تین دن کے دوران سونے کی قیمت میں مجموعی طور پر 825 ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے اثرات براہ راست پاکستانی مارکیٹ پر بھی پڑ رہے ہیں۔

سونے کے ساتھ ساتھ چاندی کی قیمت میں بھی کمی دیکھی گئی ہے۔ چاندی فی تولہ 602 روپے سستی ہو کر 8405 روپے کی سطح پر آ گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق عالمی معاشی صورتحال، ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور بین الاقوامی منڈیوں میں دباؤ کے باعث قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں یہ غیر معمولی کمی سامنے آ رہی ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *