صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جہاں صرف دو روز کے دوران سونے کے نرخوں میں تاریخی گراوٹ دیکھنے میں آئی ہے۔ صرافہ ذرائع کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونا مزید 25 ہزار 500 روپے سستا ہو کر 5 لاکھ 11 ہزار 862 روپے کی سطح پر آ گیا ہے۔
اسی طرح 10 گرام 24 قیراط سونے کی قیمت میں 21 ہزار 862 روپے کی کمی واقع ہوئی، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 4 لاکھ 38 ہزار 839 روپے مقرر کی گئی ہے۔ مجموعی طور پر دو دن کے دوران فی تولہ سونا 61 ہزار روپے جبکہ 10 گرام سونا 52 ہزار 297 روپے سستا ہو چکا ہے، جو حالیہ عرصے میں سونے کی قیمتوں میں سب سے بڑی کمی قرار دی جا رہی ہے۔
دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ 24 قیراط فی تولہ چاندی 2 ہزار 63 روپے سستی ہو کر 9 ہزار 6 روپے کی سطح پر آ گئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کے نرخ دباؤ کا شکار رہے، جہاں فی اونس سونا 255 ڈالر کمی کے بعد 4 ہزار 895 ڈالر پر آ گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی کا براہِ راست اثر مقامی مارکیٹ پر بھی پڑ رہا ہے، جس کے باعث صرافہ بازار میں شدید مندی دیکھی جا رہی ہے۔
بازار کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی حالات، ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور سرمایہ کاروں کے رجحانات میں تبدیلی کے باعث آئندہ دنوں میں سونے کی قیمتوں میں مزید رد و بدل کا امکان موجود ہے۔