اسلام آباد اور راولپنڈی ڈویژن میں بڑا کریک ڈاؤن، درجنوں افغان باشندے اور مشتبہ افراد گرفتار

اسلام آباد اور راولپنڈی ڈویژن میں بڑا کریک ڈاؤن، درجنوں افغان باشندے اور مشتبہ افراد گرفتار

وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی ڈویژن کے مختلف علاقوں میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ کومنگ آپریشن کرتے ہوئے بڑی کارروائی کی ہے جس کے دوران درجنوں افغان باشندوں اور مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ اسلحہ اور منشیات بھی برآمد کر لی گئیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق یہ آپریشن جرائم پیشہ عناصر، غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں اور سماج دشمن سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کے تحفظ اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے اس طرح کے آپریشن آئندہ بھی جاری رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا: غیر قانونی افغان باشندوں کی وطن واپسی سست روی کا شکار، محکمہ داخلہ برہم

پولیس ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران مجموعی طور پر 86 افغان باشندوں اور 32 مشتبہ و سماج دشمن عناصر کو گرفتار کیا گیا۔ کارروائی کے دوران مختلف مقامات سے غیر قانونی اسلحہ اور منشیات بھی برآمد کی گئیں جنہیں قبضے میں لے کر مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں کارروائی کے دوران 26 افغان باشندوں اور 28 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ گرفتار افراد سے پوچھ گچھ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ان کی شناخت اور پس منظر کے حوالے سے بھی معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔

راولپنڈی میں کیے گئے آپریشن کے دوران 53 افغان باشندوں کو گرفتار کیا گیا جن میں سے 5 افراد کو ہولڈنگ سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ 48 افراد کے خلاف مقدمات درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق ان افراد کے کوائف اور قانونی حیثیت کی جانچ بھی کی جا رہی ہے۔

اسی طرح چکوال کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 2 افغان باشندوں اور 2 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ان افراد سے بھی تفتیش جاری ہے اور ان کے ممکنہ نیٹ ورک کے حوالے سے معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔

مزید پڑھیں:بلوچستان: سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی بازیابی کےلئے آپریشن جاری، بڑی تعداد میں بی ایل اے کے دہشتگرد ہلاک، 100 سے زائد گرفتار

دیگر علاقوں میں بھی کارروائیاں کی گئیں جہاں مری سے دو جبکہ جہلم سے 5 افغان باشندے اور 3 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ حکام کے مطابق یہ کارروائیاں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئیں تاکہ جرائم پیشہ عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد اور سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ ان کے مطابق شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

حکام نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *