ایرانی میزائل حملوں کے نتیجے میں اسرائیل کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے، جہاں متعدد رہائشی عمارتیں اور گاڑیاں تباہ ہو گئی ہیں جبکہ درجنوں افراد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق حملوں کے بعد مختلف شہروں میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس کے بعد ہنگامی سروسز فوری طور پر متحرک ہو گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق میزائل حملوں کے باعث کئی عمارتوں میں آگ بھڑک اٹھی جبکہ سڑکوں پر کھڑی گاڑیاں بھی جل کر خاکستر ہو گئیں۔ ریسکیو اہلکار ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں۔ اسرائیلی حکام نے متاثرہ علاقوں کو گھیرے میں لے کر سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی ہے جبکہ حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
بیت شمیش پر بھی میزائل داغے گئے، اسرائیل میں ہلاک فوجیوں اور شہریوں کی تعداد پندرہ ہوگئی، جنگ کے آغاز سے اب تک تین ہزار تین سو پچاس فوجی اور شہری زخمی ہونے کی تصدیق کر دی گئی، ہلاکتوں کے معاملے پر اسرائیلی حکام خاموش ہے۔
ایران نے بغداد ایئرپورٹ پر میزائل حملہ کیا تھا جس کے باعث پانچ اہلکار زخمی ہوگئے تھے، دبئی ایئر پورٹ کے قریب ڈرون حملے کے باعث ایندھن کے ٹینک میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا تھا۔ فجیرہ انڈسٹریل ایریا میں ڈرون حملوں کے بعد افراتفری مچ گئی، اردن میں میزائل کے ٹکڑے گرنے سے بچہ زخمی ہوگیا جبکہ سعودی عرب کا گیارہ اور کویت کا 4 ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا۔
حزب اللہ کے بھی اسرائیل پر وار جاری رہے، لبنان کی مزاحمتی تنظیم نے ٹینک تباہ کرنے کی بھی ویڈیو جاری کردی تھی۔
مزید پڑھیں: ایران کا اسرائیل پر ہائپرسونک میزائلوں سےبڑا حملہ، تل ابیب میں آگ اور دھوئیں کا راج

