آسٹریلیا کا 20 مارچ کو عید الفطر منانے کا اعلان

آسٹریلیا کا 20 مارچ کو عید الفطر منانے کا اعلان

آسٹریلیا کی نیشنل امام کونسل (ANIC) نے فلکیاتی حساب کتاب کی بنیاد پر 20 مارچ 2026 کو ملک بھر میں عید الفطر منانے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ آسٹریلوی حکام اور مذہبی اداروں کے مطابق رمضان المبارک کا مہینہ 29 دن کا ہوگا، جس کے بعد جمعہ کے روز عید منائی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا میں عید کا اعلان اکثر سائنسی اور فلکیاتی حساب کتاب  کی بنیاد پر پہلے سے کر دیا جاتا ہے تاکہ کمیونٹی اپنی تیاریوں اور چھٹیوں کا شیڈول ترتیب دے سکے۔ سڈنی، میلبورن، کینبرا اور دیگر بڑے شہروں میں نمازِ عید کے بڑے اجتماعات مساجد اور کھلے میدانوں میں منعقد کیے جائیں گے۔

آسٹریلیا کی جانب سے 20 مارچ کی تاریخ کا اعلان دیگر ممالک کے لیے بھی ایک اہم اشارہ ہے۔ عام طور پر مشرقِ وسطیٰ اور جنوبی ایشیا (بشمول پاکستان) میں عید کا فیصلہ چاند کی رویت (دیکھنے) پر منحصر ہوتا ہے، تاہم فلکیاتی ماہرین کے مطابق سال 2026 میں دنیا کے بیشتر حصوں میں عید 20 یا 21 مارچ کو ہونے کا قوی امکان ہے۔

آسٹریلوی امام کونسل نے مسلمانوں کو اتحاد اور بھائی چارے کے ساتھ عید منانے کی تلقین کی ہے۔ اس موقع پر مساجد میں خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں تاکہ بڑی تعداد میں آنے والے نمازیوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

مزید پڑھیں: عید کے چاند کے اعلان سے متعلق عدالت میں انوکھی درخواست دائر

editor

Related Articles