پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی معروف فرنچائز لاہور قلندرز نے پی ایس ایل سیزن 11 سے قبل بنگلا دیش کے تجربہ کار فاسٹ باؤلر مستفیض الرحمان کو سائن کر لیا ہے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق مستفیض الرحمان آئندہ سیزن میں ٹیم کی نمائندگی کریں گے، جس سے بولنگ لائن اپ کو مزید مضبوطی ملنے کی توقع ہے۔
مستفیض الرحمان کو حال ہی میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز سے نکالا گیا تھا، جس کے بعد ان کی پی ایس ایل میں شمولیت کرکٹ حلقوں میں خاصی توجہ حاصل کر رہی ہے۔
لاہور قلندرز نے بنگلا دیشی فاسٹ بالر کو 6 کروڑ 44 لاکھ روپے کے معاہدے پر ٹیم کا حصہ بنایا ہے، جو فرنچائز کی جانب سے ایک بڑا اور اسٹریٹجک فیصلہ قرار دیا جا رہا ہے۔
مستفیض الرحمان اپنی شاندار سلوور (slower) بالنگ اور ڈیٹھ اوورز میں مؤثر کارکردگی کے باعث دنیا بھر میں پہچانے جاتے ہیں ، محدود اوورز کی کرکٹ میں ان کی بولنگ مہارت انہیں ایک خطرناک باؤلر بناتی ہے، جبکہ دباؤ کے لمحات میں وکٹیں حاصل کرنے کی صلاحیت ان کا خاصہ سمجھی جاتی ہے۔
یاد رہے کہ مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے نکالے جانے پر ہی بنگلا دیش کی ٹیم نے انڈیا میں ورلڈ کپ کھیلنے سے انکار کیا اور یہ انکار انہیں ٹورنامنٹ سے ہی باہر کر گیا۔
بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے سکیورٹی خدشات کے باعث بھارت اور سری لنکا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم بھیجنے سے انکار کر دیا تھا، جس پر پاکستان نے بنگلا دیش کی حمایت کی تاہم آئی سی سی نے بنگلا دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ورلڈ کپ 2026 میں شامل کر لیا، جس کے بعد پاکستان نے اس فیصلے پر سخت احتجاج ریکارڈ کرایا اور 15 فروری کو بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا میچ نہ کھیلنے کا اعلان کیا تھا۔