پنجاب بھر کے تمام تھیٹرز کو محرم الحرام کے احترام میں یکم سے 13 محرم الحرام تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن پنجاب آرٹس کونسل کی جانب سے جاری کر دیا گیا ہے۔
پنجاب آرٹس کونسل کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق محرم الحرام کے دوران صوبے کے کسی بھی تھیٹر میں ڈرامہ اسٹیج شو یا کوئی ثقافتی پروگرام منعقد نہیں کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن میں تمام تھیٹر انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ محرم الحرام کے تقدس کو مدنظر رکھتے ہوئے پابندی پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں اور یکم تا 13 محرم کے دوران کسی بھی قسم کی تھیٹر سرگرمی سے گریز کریں۔
حکام کے مطابق یہ فیصلہ محرم الحرام کے دوران مذہبی جذبات کے احترام اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔
دوسری جانب یومِ عاشور کے موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی انتظامات کو بھی حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ صوبائی حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مجالس اور جلوسوں کے روٹس کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کرنے کی ہدایات جاری کی جا رہی ہیں۔
محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے متعلقہ ادارے ہنگامی منصوبوں پر بھی عملدرآمد کریں گے تاکہ مجالس اور جلوسوں میں شریک افراد کو پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ محرم کے دوران ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔