پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اپنے اصولی موقف پر قائم رہتے ہوئے آئی سی سی ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ کو واضح کر دیا ہے کہ پاکستان 15 فروری کو کولمبو میں بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچ نہیں کھیلے گا۔ نجی ٹی وی( اے آر وائی )کےکے مطابق یہ فیصلہ حکومت پاکستان کی ہدایت پر کیا گیا ہے اور پی سی بی نے آئی سی سی کو بھی آگاہ کر دیا ہے کہ حتمی فیصلہ حکومت کرے گی۔
ڈپٹی چیئرمین آئی سی سی عمران خواجہ نے چیئر مین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے ملاقات کے دوران پاکستانی موقف کو بورڈ ممبران کے سامنے رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس دوران اماراتی کرکٹ بورڈ کے مبشر عثمانی بھی مذاکرات میں ورچوئلی شریک ہوئے۔
ملاقات کے دوران سری لنکا اور اماراتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان سے بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کی تھی۔ ضرورت پڑنے پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی آئندہ ایک دو روز میں وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان آئی سی سی وفد کے سامنے اپنی شرائط بھی رکھے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان کی جانب سے آئی سی سی وفد کو مدعو نہیں کیا گیا، بلکہ وفدنے خود پاکستان آنے کا فیصلہ کیا علاوہ ازیں، بھارت کے ساتھ میچ کے دوران کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے کے معاملے پر بھی واضح ہدایات دی جائیں گی۔
اس سے قبل چیئرمین پی سی بی سے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام کی اہم ملاقات ہوئی۔ قذافی اسٹیڈیم پہنچنے پر محسن نقوی نے امین الاسلام کا استقبال کیا اور ملاقات میں کرکٹ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے موقع پر سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر اور ایڈوائزر ٹو چیئرمین پی سی بی عامر میر بھی موجود تھے۔ بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر نے پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔