اسلام آباد میں سیکیورٹی صورتحال اور انتظامی وجوہات کے باعث ریڈ زون میں واقع تعلیمی ادارے اور دفاتر آج بھی بند رہیں گے ۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ریڈ زون میں تمام اسکول اور دفاتر آج بھی بند رہیں گے جبکہ متعلقہ اداروں کو گھر سے کام کرنے کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق ریڈ زون کے اندر داخلے پر عارضی پابندی بھی برقرار رہے گی تاکہ سیکیورٹی صورتحال کو مکمل طور پر کنٹرول میں رکھا جا سکے۔
اس فیصلے کا مقصد کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنا اور اہم سرکاری و حساس عمارتوں کی حفاظت کو یقینی بنانا بتایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :ایران امریکا مذاکرات، ریڈ زون میں شہریوں کا داخلہ اور دفاتر بند، نوٹی فکیشن جاری
نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وفاقی آئینی عدالت بھی آج کے روز بند رہے گی اور اس کی کاز لسٹ منسوخ کر دی گئی ہے۔ تاہم عدالت کی دیگر برانچ رجسٹریاں معمول کے مطابق کام کرتی رہیں گی۔
دوسری جانب انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ریڈ زون میں سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں تاکہ صورتحال پر نظر رکھی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں :ریڈ زون میں واقع تمام سرکاری دفاتر کیلئے اہم حکم جاری
اقدامات خطے میں جاری سفارتی سرگرمیوں اور حساس حالات کے تناظر میں کیے جا رہے ہیں، جبکہ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتظامی ہدایات پر عمل کریں اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔

