اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بادل برس پڑے جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رات گئے سے وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے موسم سرد اور خوشگوار ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ایبٹ آباد، ہری پور اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس کے باعث سردی میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ کندیاں اور اس کے ملحقہ علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی جس کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور معمولات زندگی متاثر ہوئے۔
گلیات کے علاقوں نتھیاگلی، ٹھنڈیانی اور دیگر بالائی مقامات پر برفباری کا سلسلہ جاری رہا جبکہ ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے درجہ حرارت مزید گر گیا۔ مری، گلیات اور اطراف میں بھی بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع جن میں پشاور، مردان، صوابی، چارسدہ، بونیر، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور شامل ہیں، میں بارش متوقع ہے جبکہ چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ اور کوہستان میں بارش کے ساتھ برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ضلع خیبر کے میدانی علاقوں میں بارش اور برفباری نے جاتی ہوئی سردی کو بریک لگا دی، جس سے موسم ایک بار پھر سرد اور خوشگوار ہو گیا۔ شہریوں نے سرد موسم کا لطف اٹھایا جبکہ گرم ملبوسات کا استعمال بڑھ گیا۔
آزاد کشمیر کے بیشتر بالائی اور وسطی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کے باعث موسم مزید سرد ہو گیا۔ رات گئے ہونے والی بارش اور برفباری سے کئی بالائی علاقوں میں ہارنول نقطہ انجماف سے گر گیا۔ متعدد مقامات پر برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں جس سے آمد و رفت میں مشکلات پیش آئیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں آئندہ 12 گھنٹوں تک برفباری جبکہ وسطی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم کوئٹہ، زیارت، ژوب اور موسیٰ خیل میں بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ گلگت بلتستان میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور مزید بارش و برفباری کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔