پنجاب حکومت نے علی مصطفیٰ ڈار کی بطور مشیر وزیراعلیٰ پنجاب تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق علی مصطفیٰ ڈار کو وزیراعلیٰ پنجاب کا مشیر برائے مصنوعی ذہانت اور خصوصی اقدامات مقرر کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ علی مصطفیٰ ڈار اپنی ذمہ داریاں فوری طور پر سنبھالیں گے، جبکہ ان کی تقرری وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری سے عمل میں لائی گئی ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق مشیر برائے مصنوعی ذہانت کی حیثیت سے علی مصطفیٰ ڈار جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل گورننس اور حکومتی نظام میں مصنوعی ذہانت کے استعمال سے متعلق امور پر وزیراعلیٰ پنجاب کو مشاورت فراہم کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس عہدے کے تحت صوبے میں ڈیجیٹل اصلاحات، سرکاری نظام کی بہتری اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے مختلف خصوصی اقدامات متوقع ہیں، جن پر علی مصطفیٰ ڈار اپنی ٹیم کے ساتھ کام کریں گے۔
واضح رہے کہ علی مصطفیٰ ڈار کا تعلق ایک معروف سیاسی خاندان سے ہے، وہ ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے صاحبزادے جبکہ صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) نواز شریف کے داماد ہیں۔ ان کی تقرری کو صوبے میں ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل پالیسی کے فروغ کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔