نادرا نے شہریوں کی سہولت کے لیے قومی شناختی کارڈ کی تجدید اور گمشدہ کارڈ دوبارہ حاصل کرنے کے عمل کو مزید آسان بنا دیا ہے، شہریوں کو لمبے سفر یا مرکزی نادرا دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہی، کیونکہ یہ خدمات ملک بھر میں قائم ای فرنچائز مراکز سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔
نادرا کے مطابق اس وقت پاکستان بھر میں 2,000 سے زائد ای فرنچائز مراکز فعال ہیں۔ ابتدا میں صرف 18 مراکز قائم کیے گئے تھے، تاہم عوامی سہولت اور مثبت نتائج کے بعد ان کی تعداد میں نمایاں اضافہ کیا گیا۔
نادرا کے ترجمان سید شباہت علی نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں اس سہولت کے مکمل طریقہ کار سے آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ای فرنچائز سے فائدہ اٹھانے کے لیے اسمارٹ فون یا انٹرنیٹ کی ضرورت نہیں، شہری قریبی فرنچائز پر جا کر صرف اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر فراہم کریں گے، فرنچائز کا نمائندہ شہری کی تصویر اور فنگر پرنٹس نادرا کے ریکارڈ سے تصدیق کرے گا، جس کے بعد شناختی کارڈ جاری کر دیا جائے گا۔
یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ای فرنچائز مراکز صرف شناختی کارڈ کی تجدید اور گمشدہ کارڈ سے متعلق خدمات فراہم کرتے ہیں، اور اس عمل کے لیے ایف آئی آر درج کروانے کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے۔
ڈیٹا سیکیورٹی کے حوالے سے ترجمان نے بتایا کہ شہری نادرا کی پاک آئڈینٹیٹی ایپ کے ذریعے یہ بھی دیکھ سکتے ہیں کہ ان کا ڈیٹا کب، کیسے اور کس مقصد کے لیے استعمال ہوا۔
نادرا نے خواتین کے لیے بھی خصوصی سہولت متعارف کروائی ہے جس کے تحت اب شناختی کارڈ بنوانے کے لیے والدین کا کارڈ لازمی نہیں، ب فارم، شوہر کی رجسٹریشن یا نکاح نامہ کی بنیاد پر بھی خواتین اپنا شناختی کارڈ حاصل کر سکتی ہیں۔
یہ اقدام نادرا کی جانب سے عوامی سہولت اور شفاف نظام کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔