گداگری پر 3 سال قید، لاکھوں روپے جرمانہ، نیا قانون تیار

گداگری پر 3 سال قید، لاکھوں روپے جرمانہ، نیا قانون تیار

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے بچوں سے بھیک منگوانے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس مکروہ فعل میں ملوث عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں کو گداگری جیسے استحصالی عمل سے نکال کر تحفظ فراہم کرنا حکومت کی آئینی، اخلاقی اور انسانی ذمے داری ہے۔

وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی کو وگرنسی کنٹرول اینڈ ری ہیبلیٹیشن بل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں صوبے بھر میں گداگری کے خاتمے کے لیے سخت قانونی اقدامات تجویز کیے گئے۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ بھیک مانگنے پر پہلی بار وارننگ، بحالی مرکز منتقلی یا ایک ماہ قید اور جرمانے کی سزا تجویز کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت کا عمرہ زائرین سے سعودی عرب میں بھیک نہ مانگنے کا حلف لینے کا فیصلہ

بل کے مطابق اگر کوئی شخص بار بار بھیک مانگنے میں ملوث پایا گیا تو اسے ایک سال تک قید اور 50 ہزار روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔ جبکہ فراڈ، دھوکا دہی اور فریب کے ذریعے بھیک مانگنے پر ایک سے دو سال قید کی سزا تجویز کی گئی ہے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ جعلی معذوری ظاہر کر کے بھیک مانگنا اب قابل سزا سنگین جرم قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ منظم، جبری اور مافیا طرز کی گداگری میں ملوث عناصر کے لیے تین سال تک قید اور چار لاکھ روپے تک جرمانہ تجویز کیا گیا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی نے اس بل کو صوبائی کابینہ میں پیش کرنے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ یہ قانون سازی صوبے میں بھیک مافیا کے مکمل خاتمے کے لیے ایک تاریخی قدم ثابت ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نیا بل گداگروں کے منظم نیٹ ورکس، بچوں اور کمزور طبقے کے استحصال کے خلاف فیصلہ کن وار ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت صرف سزاؤں تک محدود نہیں رہے گی بلکہ بحالی مراکز، ہنرمندی کی تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کر کے بھیک کے ناسور کو جڑ سے ختم کیا جائے گا۔ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا پہلا صوبہ بننے جا رہا ہے جو گداگری کے مسئلے کا جامع، مربوط اور پائیدار حل متعارف کرا رہا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بچوں کا مستقبل محفوظ بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی صورت میں انہیں بھیک کے دھندے میں استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Related Articles