وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے پہلی بار خصوصی ڈیجیٹل ایپلی کیشن ’’محفوظ محرم‘‘ متعارف کرا دی گئی ہے۔
اس جدید نظام کے تحت تمام امام بارگاہوں، مجالس کے مقامات اور جلوسوں کے راستوں کی مکمل جیو ٹیگنگ کی گئی ہے، جبکہ ڈرون کیمروں کے ذریعے ڈیجیٹل نگرانی کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال اور تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں حکام نے بتایا کہ ’’محفوظ محرم‘‘ ایپ کے ذریعے شہری مشکوک افراد، مشکوک سرگرمیوں یا سیکیورٹی انتظامات میں کمی سے متعلق فوری اطلاع متعلقہ اداروں تک پہنچا سکیں گے۔
ایپ میں لائیو لوکیشن شیئرنگ اور تصاویر بھیجنے کی سہولت بھی شامل کی گئی ہے، تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کی صورت میں فوری کارروائی کی جا سکے۔ سیکیورٹی آپریشنز کی نگرانی اور مختلف اداروں کے درمیان رابطے کے لیے سیف سٹی اسلام آباد میں مرکزی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے حکام کو ہدایت کی کہ تمام مجالس اور جلوسوں کے لیے جامع ٹریفک پلان تیار کیا جائے اور چار سطحی سیکیورٹی حصار یقینی بنایا جائے۔انہوں نے جلوسوں کے راستوں اور مجالس کے مقامات پر داخلے اور اخراج کے راستوں کی سخت نگرانی، جبکہ متعلقہ افسران کو محرم کے دوران فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کی۔
محسن نقوی نے سیکیورٹی اہلکاروں کے لیے بروقت کھانے اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔وزیر داخلہ نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے علما کرام کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھنے اور ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی۔ انہوں نے اشتعال انگیز مواد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا بھی حکم دیا۔
اجلاس میں اسلام آباد کے چیف کمشنر اور انسپکٹر جنرل پولیس نے محرم سیکیورٹی پلان پر تفصیلی بریفنگ دی۔ حکام نے بتایا کہ تمام مجالس اور جلوسوں کے سیکیورٹی آڈٹ مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ امن اور نگہبان کمیٹیاں بھی فعال کر دی گئی ہیں۔
اسلام آباد انتظامیہ، علما کرام، مجالس کے منتظمین اور جلوس کمیٹیوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گی تاکہ محرم الحرام کے دوران پرامن ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔
حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل نگرانی اور مربوط سیکیورٹی حکمت عملی کے ذریعے وفاقی دارالحکومت میں محفوظ اور پرامن محرم یقینی بنایا جائے گا۔