سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ڈیجیٹل پراپرٹی رجسٹریشن کا انقلابی فیصلہ کیا ہے، جس سے اوورسیز پاکستانیوں کو جائیداد کی خرید و فروخت میں پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ ہوگا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ اب بیرونِ ملک مقیم افراد کو رجسٹریشن دفاتر میں ذاتی حاضری سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ای-رجسٹریشن سسٹم کے ذریعے بائیومیٹرک اور چہرے کی تصدیق ممکن ہوگی۔
وزیر اطلاعات کے مطابق ای-اسٹیمپنگ نظام کے ذریعے ریونیو وصولی کے عمل کو مزید بہتر بنایا جائے گا اور شہریوں کو آسانیاں فراہم کی جائیں گی۔
شرجیل میمن نے مزید بتایا کہ کنزیومر کورٹس کو ٹریفک کورٹس میں تبدیل کرنے کا فیصلہ بھی شہریوں کو فوری انصاف فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کابینہ نے سندھ ڈیولپمنٹ اینڈ مینٹیننس آف انفراسٹرکچر سیس کے تنازع کے تصفیے کی منظوری بھی دے دی ہے۔
شرجیل میمن کے مطابق پراپرٹی کے واجبات کا 15 فیصد تین مراحل میں ادا کیا جائے گا تاکہ شہریوں پر مالی بوجھ کم کیا جا سکے اور رجسٹریشن کے عمل میں آسانیاں فراہم کی جائیں۔