ٹی 20ورلڈ کپ کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں، آسٹریلیا کے اسٹار آل راؤنڈر اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان مچل مارش انجری کے باعث ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں آئرلینڈ کے خلاف افتتاحی میچ میں شرکت نہیں کر رہے جس سے کینگروز کی مہم کے آغاز پر ہی ٹیم مینجمنٹ کو اہم چیلنج کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
کولمبو کے تاریخی آر پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے اس میچ میں مچل مارش کی غیر موجودگی کے باعث ٹیم کی قیادت جارح مزاج اوپنر ٹریوس ہیڈ کر رہے ہیں، جن پر بیٹنگ کے ساتھ ساتھ قیادت کی اضافی ذمہ داری بھی عائد ہو گئی ہے۔
مچل مارش اتوار کے روز ٹیم کے ٹریننگ سیشن کے دوران سائیڈ آرم تھرو ڈاؤن کی مشق کر رہے تھے کہ اسی دوران وہ گرون ایریا میں شدید تکلیف کا شکار ہو گئے۔
چوٹ کی نوعیت سنگین محسوس ہونے پر انہیں فوری طور پر نیٹس سے باہر لے جایا گیا، جس کے بعد طبی عملے نے ابتدائی معائنہ کیا، بعد ازاں کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے تصدیق کی گئی کہ اسکین رپورٹس میں اندرونی چوٹ سامنے آئی ہے، جس کے باعث مچل مارش کو مکمل آرام اور بحالی کے مرحلے سے گزرنا ہوگا۔
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق مچل مارش کی حالت کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے، تاہم ان کی زمبابوے کے خلاف اگلے میچ میں شرکت بھی تاحال مشکوک قرار دی جا رہی ہے،ٹیم مینجمنٹ کسی قسم کا رسک لینے کے حق میں نہیں اور کھلاڑی کی طویل المدتی فٹنس کو ترجیح دی جا رہی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ٹورنامنٹ کے اہم مراحل ابھی باقی ہیں۔
ادھر تجربہ کار بیٹر اسٹیو اسمتھ کو بطور اسٹینڈ بائی سری لنکا روانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ٹیم مینجمنٹ کے مطابق اگر مچل مارش کی انجری طویل ہو جاتی ہے یا مزید کسی کھلاڑی کی ضرورت پیش آتی ہے تو اسٹیو اسمتھ کو باضابطہ طور پر اسکواڈ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔
مجموعی طور پر مچل مارش کی انجری آسٹریلیا کے لیے ایک بڑا دھچکا ضرور ہے تاہم ٹیم کی گہرائی اور متبادل کھلاڑیوں کی موجودگی انہیں ٹورنامنٹ میں آگے بڑھنے کی امید دلا رہی ہے۔