پنجاب میں گاڑیوں کے فینسی نمبروں کی نیلامی کے لیے رجسٹریشن شروع کر دی گئی ہے، جس کے تحت شہری گھر بیٹھے اپنی گاڑی کے لیے پسند کا نمبر حاصل کر سکتے ہیں۔
پنجاب میں فینسی نمبروں کی نیلامی کے لیے رجسٹریشن ای-آکشن موبائل ایپلیکیشن اور ویب پورٹل کے ذریعے شروع ہو گئی ہے، جبکہ اس کی آخری تاریخ 2 مارچ مقرر کی گئی ہے۔
پنجاب ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کے تعاون سے یہ ایپ تیار کی ہے۔ دلچسپی رکھنے والے شہری 2 مارچ تک آن لائن رجسٹریشن کروا سکتے ہیں تاکہ وہ گھر بیٹھے اپنی گاڑی کے لیے پسند کا فینسی نمبر حاصل کر سکیں۔
پی آئی ٹی بی کے چیئرمین فیصل یوسف نے کہا کہ ڈیجیٹل ای-آکشن سسٹم کے متعارف ہونے سے نیلامی کے روایتی عمل کو جدید ٹیکنالوجی پر مبنی حل میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام شہریوں کو فینسی گاڑیوں کے نمبر حاصل کرنے کے لیے آسان، تیز اور شفاف آن لائن سہولت فراہم کرتا ہے، جو ڈیجیٹل گورننس اور بہتر عوامی خدمات کی فراہمی کے لیے PITB کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
فیصل یوسف کے مطابق ای-آکشن پلیٹ فارم موٹر سائیکلوں، موٹر کاروں اور تجارتی گاڑیوں کے فینسی نمبروں کی آن لائن بولی میں سہولت فراہم کرتا ہے، جبکہ کامیاب بولی دہندگان کی تفصیلات بھی ای-آکشن ایپ اور پورٹل پر دستیاب ہیں۔