نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے اعلان کیا ہے کہ اب 300 یونٹ ماہانہ تک کے گھریلو صارفین پر بھی فکسڈ چارجز عائد کیے جائیں گے۔ یہ فیصلہ پاور ڈویژن کی درخواست پر جاری کیا گیا اور اس کا مقصد گھریلو صارفین کے لیے بجلی کے بلوں میں شفافیت اور یکساں نظام کو یقینی بنانا ہے۔
اس سے قبل یہ چارجز صرف 300 یونٹ سے زائد استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین پر لاگو ہوتے تھے، تاہم نیپرا کے نئے فیصلے کے مطابق اب پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ دونوں صارفین اس کا حصہ بن گئے ہیں۔
نیپرا کے مطابق پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے ماہانہ 100 یونٹ استعمال کرنے پر 200 روپے جبکہ 200 یونٹ استعمال کرنے پر 300 روپے ماہانہ فکسڈ چارجز عائد کیے گئے ہیں۔ نان پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے 100 یونٹ تک 275 روپے، 200 یونٹ تک 300 روپے اور 300 یونٹ تک 350 روپے فکسڈ چارجز مقرر کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :ماہانہ 100 سے 500 یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کیلئے اہم خبر
نیپرا کے فیصلے کے مطابق ماہانہ 301 سے 400 یونٹ تک استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین کے چارجز 200 روپے اضافے کے بعد 400 روپے کر دیے گئے ہیں جبکہ ماہانہ 401 سے 500 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے فکسڈ چارجز 100 روپے اضافے کے بعد 500 روپے مقرر کیے گئے ہیں۔ ماہانہ 600 یونٹ استعمال کرنے والوں کے لیے فکسڈ چارجز 75 روپے اضافے کے بعد 675 روپے مقرر کیے گئے ہیں۔
نیپرا نے ماہانہ 700 یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین کے چارجز میں 125 روپے کمی کے بعد 675 روپے فکسڈ چارجز رکھے ہیں اور 700 یونٹ سے زائد استعمال کرنے والے صارفین کے لیے چارجز میں 325 روپے کمی کے بعد بھی 675 روپے ہی مقرر کیے گئے ہیں۔
نیپرا نے اس فیصلے کو شفاف اور یکساں نظام کے لیے ضروری قرار دیا ہے تاکہ کم اور زیادہ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے چارجز واضح ہوں اور ہر صارف اپنی بجلی کے بل میں عائد چارجز کو سمجھ سکے۔ اس کے علاوہ صارفین کی رہنمائی اور آگاہی کے لیے مہم بھی چلائی جائے گی تاکہ گھریلو صارفین نئے فکسڈ چارجز کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کر سکیں۔