وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب بھر میں رمضان نگہبان پیکیج کے تحت اے ٹی ایم کارڈز کی تقسیم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، انہوں نے اس اقدام کو مستحق خاندانوں تک مالی معاونت باوقار اور آسان انداز میں پہنچانے کی اہم پیش رفت قرار دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اس پیکیج کے تحت صوبے کے 40 لاکھ گھرانوں کو مجموعی طور پر 40 ارب روپے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ ادائیگی کا نظام مکمل طور پر ڈیجیٹل اور شفاف بنایا گیا ہے تاکہ کسی بھی قسم کی بے ضابطگی یا دشواری سے بچا جا سکے یہ نظام پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے تیار کیا ہے، جس میں ہر مرحلے کی نگرانی کو یقینی بنایا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ کی طرف سے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کی گئیں کہ کارڈز کی تقسیم اور رقوم کی فراہمی کا عمل تیز، منظم اور شفاف بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کو لمبی قطاروں یا پیچیدہ طریقہ کار کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا بلکہ جدید نظام کے ذریعے بآسانی امدادی رقم حاصل کی جا سکے گی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی رہنمائی کے لیے 08000-2345 ہیلپ لائن قائم کر دی گئی ہے جبکہ ہر تحصیل میں 160 خصوصی مراکز بھی فعال کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی شکایت یا رہنمائی کی فوری فراہمی ممکن ہو سکے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ راشن کارڈ کے تحت ماہانہ مالی امداد 3 ہزار روپے سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کر دی گئی ہے اس کے ساتھ ساتھ رمضان المبارک میں لاکھوں روزہ داروں کے لیے افطاری کا انتظام بھی کیا جائے گا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت چاہتی ہے کہ رمضان کے مقدس مہینے میں کوئی بھی خاندان خود کو تنہا محسوس نہ کرے اور ریاستی معاونت کی برکت ہر مستحق گھر تک پہنچے۔