ٹی 20 ورلڈ کپ کا سب سے بڑا ٹاکرا، کس کا پلڑا بھاری؟

ٹی 20 ورلڈ کپ کا سب سے بڑا ٹاکرا، کس کا پلڑا بھاری؟

ٹی 20 کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا اور سنسنی خیز مقابلہ آج ایک بار پھر شائقین کو اپنی گرفت میں لینے جا رہا ہے جب پاکستان کرکٹ ٹیم اور بھارتی کرکٹ ٹیم کولمبو کے تاریخی میدان میں آمنے سامنے ہوں گے۔ کولمبو میں ہونے والا یہ میچ نہ صرف دونوں ممالک کے شائقین بلکہ دنیا بھر کے کرکٹ مداحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

اعداد و شمار پر نظر ڈالی جائے تو مختصر فارمیٹ میں بھارت کو واضح برتری حاصل ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک کھیلے گئے 16 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں پاکستان صرف 3 مرتبہ کامیابی حاصل کر سکا ہے، جبکہ بھارت نے 13 میچز اپنے نام کیے ہیں۔ یہ اعداد و شمار اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ پاکستان کو آج کے اہم مقابلے میں اپنی بہترین کارکردگی دکھانا ہوگی۔

اگر آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کی تاریخ پر نظر ڈالی جائے تو یہاں بھی پاکستان کا ریکارڈ زیادہ متاثر کن نہیں رہا۔ دونوں ٹیمیں اس عالمی ایونٹ میں 8 بار مد مقابل آ چکی ہیں، جن میں پاکستان کو صرف ایک بار فتح نصیب ہوئی۔ یہ تاریخی کامیابی 2021 میں اس وقت ملی جب کپتان بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان نے بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر تاریخ رقم کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں :ہائی وولٹیج پاک بھارت ٹاکرا آج،میچ کتنے بجے شروع ہوگا، بارش کا کتنا امکان ہے ؟

پاک بھارت ٹی 20 ورلڈ کپ مقابلوں کی داستان 2007 میں شروع ہوئی تھی، جب پہلا میچ بال آؤٹ پر ختم ہوا، جبکہ اسی ٹورنامنٹ کے فائنل میں بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ٹائٹل اپنے نام کیا۔ بعد ازاں 2012، 2014 اور 2016 میں بھی پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 2022 میں ایک مرتبہ پھر دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ دیکھنے میں آیا، جہاں بھارتی اسٹار بیٹر ویرات کوہلی کی شاندار اننگز نے پاکستان سے فتح چھین لی۔ 2024 میں بھی پاکستانی ٹیم ایک قابلِ حصول ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور کامیابی بھارت کے حصے میں آئی۔

آج کے اہم میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں دو تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے  اور اطلاعات کے مطابق فخر زمان اور خواجہ نافع کو فائنل الیون میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 6:30 بجے شروع ہوگا، تاہم موسم کی صورتحال بھی توجہ کا مرکز ہے کیونکہ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے  جو میچ کے تسلسل کو متاثر کر سکتی ہے۔

دوسری جانب محسن نقوی، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ بھی اس اہم موقع پر سری لنکا پہنچ چکے ہیں، جہاں میزبان حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان سری لنکا کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور کھیل کے میدان میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *