وزیر اعظم شہباز شریف دوروزہ دورے پر آسٹریا پہنچ گئے،پرتپاک استقبال

وزیر اعظم شہباز شریف دوروزہ دورے پر آسٹریا پہنچ گئے،پرتپاک استقبال

وزیرِ اعظم شہباز شریف آسٹریا کے چانسلر کرسچیئن اسٹاکر کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر آسٹریا کے دارالحکومت ویانا پہنچ گئے، ویانا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آسٹرین حکام نے وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ آسٹرین مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔

وزیرِ اعظم کے ہمراہ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود ہیں۔ یہ دورہ پاکستان اور آسٹریا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :وزیرِاعظم شہباز شریف کا 3 دہائیوں بعد ویانا کا اہم دورہ، آسٹریا کے ساتھ تعلقات میں نیا موڑ

دورے کے دوران وزیرِ اعظم شہباز شریف آسٹرین چانسلر کے ساتھ اہم ملاقات کریں گے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ دونوں رہنما کاروباری شخصیات کے مشترکہ اجلاس کی صدارت بھی کریں گے، جس کا مقصد سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنا اور تجارتی روابط کو وسعت دینا ہے۔

وزیرِ اعظم پاکستان آسٹریا بزنس فورم میں بھی شرکت کریں گے اور خطاب کے ذریعے پاکستان میں سرمایہ کاری کے امکانات کو اجاگر کریں گے۔ اس موقع پر وہ عالمی سطح پر ترقی، امن اور خوشحالی سے متعلق اقوام متحدہ کے تحت منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں بھی شرکت اور خطاب کریں گے۔

 وزیرِ اعظم کی انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل سے ملاقات بھی متوقع ہے، جس میں جوہری توانائی کے پرامن استعمال اور تکنیکی تعاون کے حوالے سے گفتگو ہوگی۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، سفارتی اور تکنیکی تعاون کو نئی جہت دینے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *