پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز فاسٹ بالر وقار یونس نے کہا ہے کہ پاک بھارت میچ میں کامیابی کے لیے فیلڈنگ کلیدی کردار ادا کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان بھارت کو شکست دیتا ہے تو اسے اپ سیٹ قرار نہیں دیا جانا چاہیے کیونکہ قومی ٹیم حالیہ عرصے میں اچھی کرکٹ کھیل رہی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وقار یونس نے کہا کہ بھارت کی ٹیم جارحانہ انداز اپناتی ہے اور شروع سے دباؤ ڈالنے کی کوشش کرتی ہے۔ ‘جب کوئی ٹیم جارحانہ کرکٹ کھیلتی ہے تو وہ مواقع بھی دیتی ہے، اصل بات یہ ہے کہ آپ ان مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہیں یا نہیں’۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کو فیلڈنگ میں ملنے والے چانسز کسی صورت ضائع نہیں کرنے چاہییں کیونکہ بڑے میچز میں ایک کیچ یا ایک رن آؤٹ بھی نتیجہ بدل سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاک بھارت ٹاکرا، دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے نام جاری، اہم تبدیلیاں بھی سامنے آگئیں
وقار یونس کا کہنا تھا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہمیشہ اعصاب شکن ہوتا ہے، اس لیے کھلاڑیوں کو دباؤ کو سنبھالنا ہوگا۔ انہوں نے نوجوان اوپنر صائم ایوب کے بارے میں کہا کہ اسے محتاط انداز اپنانا چاہیے۔ ‘صائم کو سنبھل کر کھیلنا ہوگا، اپنے سیف شاٹس پر توجہ دینی چاہیے اور ابتدا میں وکٹ بچا کر رکھنی چاہیے، کیونکہ نئی گیند پر غلط شاٹ مہنگا پڑ سکتا ہے’۔
سابق کپتان نے پچ کنڈیشنز پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا میں عام طور پر وکٹیں وقت گزرنے کے ساتھ سلو ہو جاتی ہیں، جس سے بیٹنگ مشکل ہو سکتی ہے۔ ‘ایسی پچز پر اسٹرائیک روٹیشن اور پارٹنرشپ بہت اہم ہو جاتی ہے، صرف باؤنڈریز پر انحصار نہیں کیا جا سکتا’۔
وقار یونس نے بولرز کو مشورہ دیا کہ وہ لائن و لینتھ پر توجہ دیں اور صبر کا مظاہرہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان نظم و ضبط کے ساتھ کرکٹ کھیلے، فیلڈنگ بہتر رکھے اور مواقع سے فائدہ اٹھائے تو کامیابی کے امکانات روشن ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پاک، بھارت میچ سے قبل اچھی خبرآگئی

