پاکستان سپر لیگ میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے سخت اقدام اٹھاتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکن آل راؤنڈر داسن شناکا کو ایک سال کے لیے لیگ سے نااہل قرار دے دیا ہے ۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق داسن شناکا نے لیگ میں شرکت کے لیے کیے گئے معاہدے کی خلاف ورزی کی، جس پر سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق کھلاڑی کی جانب سے پی ایس ایل سے دستبرداری قوانین کی واضح خلاف ورزی ہے اور لیگ کے وقار، معیار اور ساکھ کو برقرار رکھنا بورڈ کی اولین ترجیح ہے، اسی بنیاد پر انہیں آئندہ ایک سال تک پی ایس ایل میں شرکت سے روک دیا گیا ہے۔
دوسری جانب داسن شناکا نے اس فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی شائقین سے معذرت کی ہے، انہوں نے وضاحت دی کہ ان کا کسی دوسری لیگ میں شامل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں تھا، تاہم وہ اس صورتحال پر مایوسی محسوس کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب کسی غیر ملکی کھلاڑی کے خلاف اس نوعیت کی کارروائی کی گئی ہو،اس سے قبل زمبابوے کے فاسٹ بولر بلیسنگ موزاربانی کو بھی معاہدے کی خلاف ورزی پر دو سال کے لیے لیگ سے باہر کر دیا گیا تھا، جس کے باعث وہ دو ایڈیشنز میں شرکت سے محروم رہے۔
اسی طرح گزشتہ برس جنوبی افریقہ کے کھلاڑی کاربن بوش پر بھی اسی نوعیت کی پابندی عائد کی گئی تھی، جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ کرکٹ بورڈ لیگ کے قواعد و ضوابط پر کسی قسم کا سمجھوتہ کرنے کے لیے تیار نہیں۔