حکومت بلوچستان نے رمضان المبارک کے لیے 3 لاکھ 28 ہزار خاندانوں کو رمضان پیکیج دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
ڈی جی ڈسٹرکٹ کورڈینیشن کمیٹی جہانزیب خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے 3 لاکھ 28 ہزار خاندانوں کے لیے رمضان پیکج کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پیکج صوبے کے تمام اضلاع میں تقسیم کیا جائے گا اور اس بار تقسیم کا طریقہ کار تبدیل کر دیا گیا ہے۔
جہانزیب خان کے مطابق رمضان پیکیج 8 رکنی ڈسٹرکٹ کورڈینیشن کمیٹی کے ذریعے تقسیم کیا جائے گا اور شفافیت کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ 20 سے زائد اضلاع میں رمضان پیکیج پہنچایا جا چکا ہے اور پیکج کی کوالٹی پر کسی قسم کا کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔
ڈی جی ڈسٹرکٹ کورڈینیشن کمیٹی نے واضح کیا کہ غریب کے علاوہ کسی اور کو راشن نہیں جانے دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ پیکیج ہر خاندان کے لیے 15 دن کے لیے ہوگا۔