20 فروری، موٹر سائیکل مالکان کے لئے اہم خبر

20 فروری، موٹر سائیکل مالکان کے لئے اہم خبر

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گاڑیوں کے بعد اب موٹرسائیکلوں پر بھی ایم ٹیگ لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کا باقاعدہ آغاز 20 فروری سے ہوگا، حکام کے مطابق یہ اقدام شہر میں ٹریفک مینجمنٹ کو بہتر بنانے اور شہریوں کے سفر کو مزید محفوظ بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق موٹرسائیکل مالکان 20 فروری کی صبح 10 بجے سے اپنا ایم ٹیگ حاصل کر سکیں گے، اس مقصد کے لیے شہریوں کو اپنی موٹرسائیکل کے رجسٹریشن کاغذات اور قومی شناختی کارڈ ساتھ لانا لازمی ہوگا۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ اقدام تمام اقسام کی موٹرسائیکلوں پر لاگو ہوگا، جن میں عام بائکس، ہیوی بائکس، آن لائن رائیڈنگ سروسز جیسے بائکیا اور دیگر تمام موٹرسائیکلیں شامل ہیں۔

ڈی جی ایکسائز عرفان میمن کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 2 لاکھ 23 ہزار 566 گاڑیوں کو ایم ٹیگ جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ ایم ٹیگ لگانے کا عمل شہر بھر میں قائم 13 مختلف پوائنٹس پر جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں :کتنے سال کے بچے موٹر سائیکل چلا سکیں گے ؟حکومت کا بڑا فیصلہ

انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں گاڑیوں پر ایم ٹیگ لگانے کی مہم کامیابی سے مکمل کی جا رہی ہے، جس کے بعد دوسرے مرحلے میں موٹرسائیکلوں کو اس نظام کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ایم ٹیگ نظام کا مقصد گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی مؤثر شناخت کو یقینی بنانا، سکیورٹی کو بہتر بنانا اور ٹریفک کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے، اس اقدام سے نہ صرف جرائم کی روک تھام میں مدد ملے گی بلکہ ٹریفک کی نگرانی اور انتظام میں بھی بہتری آئے گی۔

ڈی جی ایکسائز عرفان میمن نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ایم ٹیگ مہم میں بھرپور تعاون کریں اور اپنی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر جلد از جلد ایم ٹیگ لگوائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آن لائن ٹیکسی اور بائکیا سروسز کی رجسٹریشن کا عمل الگ سے جاری ہے اور حکومت کا مقصد شہریوں کو محفوظ، منظم اور جدید سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *