رمضان المبارک میں وفاقی اور صوبائی حکومت کے الگ الگ پیکیجز کے تحت مستحق افراد کو مجموعی طور پر 23 ہزار روپے تک امداد فراہم کی جائے گی۔
وزیراعظم نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے ملک بھر کے ایک کروڑ 21 لاکھ مستحق افراد کو فی کس 13 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا ہے، جس میں چاروں صوبوں کے مستحقین شامل ہیں۔ پنجاب حکومت کی جانب سے سوشیو اکنامک سروے کی بنیاد پر صوبہ بھر کے 40 لاکھ مستحقین کو 10 ہزار روپے فی کس فراہم کیے جائیں گے، تاکہ وفاقی اور صوبائی پروگراموں سے مستحقین دونوں سے فائدہ اٹھا سکیں۔
لاہور میں، بی آئی ایس پی کے تحت تقریباً دو لاکھ افراد کو 13 ہزار روپے جبکہ سوشیو اکنامک سروے کے مطابق 60 ہزار سے زائد مستحقین کو 10 ہزار روپے اضافی دیے جائیں گے۔ صوبائی حکومت کی جانب سے اے ٹی ایم کارڈز کے ذریعے رقم کی تقسیم کی جا رہی ہے، پہلے مرحلے میں 20 ہزار، دوسرے مرحلے میں 25 ہزار اور تیسرے مرحلے میں 10 ہزار کارڈز جاری کیے جائیں گے۔
حکام کے مطابق یہ اقدام شفافیت کے ساتھ مستحقین تک مالی امداد پہنچانے کے لیے کیا گیا ہے تاکہ رمضان میں ان کی بنیادی ضروریات کو پورا کیا جا سکے اور وہ آرام سے ماہ مبارک گزار سکیں۔