محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) کی تازہ ترین پیشگوئیوں کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں آج موسم شدید گرمی کا امکان ہے۔ اسلام آباد سمیت بالائی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے کئی علاقوں میں دن کے وقت موسم گرم اور خشک جبکہ بعض مقامات پر گرد آلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گرد و نواح میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، جبکہ دن کے اوقات میں سورج کی تپش میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔
دوسری جانب ملک کے بعض بالائی اور وسطی علاقوں میں مغربی ہواؤں کے زیر اثر آج اور آئندہ دنوں کے دوران گرد آلود طوفان، تیز ہوائیں اور کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بعض مقامات پر ژالہ باری اور تیز بارش بھی ہو سکتی ہے جس سے کمزور درختوں، بجلی کے کھمبوں اور عارضی ڈھانچوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم انتہائی گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جہاں درجہ حرارت معمول سے کافی زیادہ رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں، کسانوں اور مسافروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، خاص طور پر دوپہر 11 بجے سے 4 بجے تک دھوپ سے بچنے اور ہائیڈریٹ رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔