رمضان المبارک کی آمد آمد ہے اور مختلف ممالک میں کل روزے کا اعلان بھی کردیا گیا ہے، سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات ،قطر افغانستان اور برطانیہ سمیت مختلف ممالک میں کل پہلا روزہ ہوگا ۔
ادھر کے صوبے خیبر پختونخوا میں رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا گیا ہے تاہم باجوڑ،وزیرستان اور چارسدہ کے بعض علاقوں میں بھی کل روزے کا اعلان کیا گیا ہے ۔
نجی ٹی وی کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں کل پہلے روزے کا اعلان کر دیا گیا ہے، اگرچہ پاکستان میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا فیصلہ پورے ملک کے لیے یکساں ہوتا ہے، بعض قبائلی علاقوں میں روایتی طور پر سعودی عرب کے ساتھ روزے رکھنے کا اعلان کیا جاتا رہا ہے۔
ماضی میں بھی خیبر پختونخوا کے بعض علاقوں میں یہ روایت دیکھی گئی ہے اور اس سال بھی پرانی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے باجوڑ کے مختلف علاقوں میں18 فروری کو روزہ رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
دوسری جانب رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل پشاور میں طلب کیا گیا ہے، جس کی صدارت چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کریں گے اور اس کے بعد پورے خیبر پختونخوا اور ملک کے دیگر حصوں میں رمضان المبارک کے آغاز سے متعلق حتمی اعلان متوقع ہے۔