آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور نمیبیا کے درمیان ہونے والے اہم میچ پر بارش کے سائے منڈلانے لگے ہیں، جس سے مقابلے کے متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
گروپ اے میں قومی کرکٹ ٹیم اپنا آخری گروپ میچ نمیبیا کے خلاف کھیلے گی، جو سپر ایٹ مرحلے تک رسائی کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔
بھارت کے خلاف 61 رنز کی شکست کے بعد قومی ٹیم کے لیے یہ میچ فیصلہ کن حیثیت اختیار کر گیا ہےاور اگلے مرحلے میں جگہ بنانے کے لیے پاکستان کو اس میچ میں کامیابی درکار ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹس کے مطابق میچ کے میزبان شہر کولمبو میں بارش کا واضح امکان ظاہر کیا گیا ہے، موسمی پیش گوئی کے مطابق میچ کے دوران 50 سے 60 فیصد تک بارش متوقع ہے جبکہ موسم زیادہ تر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ تقریباً 19 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے، جو میچ کے حالات کو مزید متاثر کر سکتی ہیں۔
پوائنٹس ٹیبل کے مطابق پاکستان اس وقت تین میچز میں دو کامیابیوں اور ایک شکست کے ساتھ گروپ اے میں تیسرے نمبر پر موجود ہے، جبکہ اس کا نیٹ رن ریٹ منفی 0.403 ہے، جو امریکا سے بھی کم ہے۔
تاہم اگر بارش کے باعث میچ منسوخ ہو جاتا ہے تو پاکستان کو ایک پوائنٹ مل جائے گا اور وہ مجموعی طور پر پانچ پوائنٹس کے ساتھ سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لے گا۔
دوسری جانب اگر پاکستان کو نمیبیا کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو امریکا بہتر نیٹ رن ریٹ اور چار پوائنٹس کے ساتھ اگلے مرحلے میں جگہ بنا سکتا ہے، جس سے قومی ٹیم کی پوزیشن خطرے میں پڑ سکتی ہے۔