پاکستان نے بھارت کیلئے فضائی حدود کی بندش میں مزید ایک ماہ کی توسیع کر دی

پاکستان نے بھارت کیلئے فضائی حدود کی بندش میں مزید ایک ماہ کی توسیع کر دی

پاکستان نے بھارت کیلئے فضائی حدود کی بندش میں مزید ایک ماہ کی توسیع کردی ہے، جس کے بعد یہ پابندی 23 مارچ تک برقرار رہے گی۔ اس حوالے سے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے باقاعدہ نیا نوٹم (NOTAM) جاری کردیا ہے۔

نئے نوٹم کے مطابق بھارت میں رجسٹرڈ تمام سول اور ملٹری طیاروں کو پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ یہ پابندی نہ صرف مسافر بردار پروازوں بلکہ کارگو اور خصوصی پروازوں پر بھی لاگو ہوگی۔

یاد رہے کہ پاکستان نے 23 اپریل 2025ء سے بھارتی طیاروں کیلئے اپنی فضائی حدود بند کر رکھی ہے، جس کے باعث بھارتی ایئرلائنز کو اپنی پروازوں کے روٹس تبدیل کرنا پڑے تھے۔ اس فیصلے کے نتیجے میں بھارت سے یورپ، مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا جانے والی پروازوں کے دورانیے اور ایندھن کے اخراجات میں اضافہ ہوا۔

ماہرین ہوا بازی کے مطابق فضائی حدود کی بندش سے بھارتی ایئرلائنز کو یومیہ لاکھوں ڈالر اضافی ایندھن اور آپریشنل اخراجات برداشت کرنا پڑ رہے ہیں، جبکہ متبادل روٹس اختیار کرنے سے پروازوں کا وقت بھی ایک سے دو گھنٹے تک بڑھ جاتا ہے۔

دفاعی اور سفارتی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ فضائی حدود کی بندش خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں ایک اہم سفارتی اور تزویراتی اقدام ہے، جس کے اثرات دوطرفہ تعلقات اور علاقائی فضائی ٹریفک پر مرتب ہو رہے ہیں۔

حکام کے مطابق صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور آئندہ فیصلہ زمینی و سفارتی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم شہباز شریف غزہ امن بورڈ اجلاس میں شریک ہوں گے، ترجمان دفتر خارجہ

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *