سینیٹر فیصل واوڈا نے رانا ثناءاللہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کو مبینہ “سیاسی ڈیل” کی پیشکش پر چیلنج کر دیا۔ واوڈا نے کہا کہ کیا یہ وہ ڈیل ہے جس کا صرف آپ لوگوں کے تصورات اور آپ کو ہی پتہ ہے؟
تفصیلات کے مطابق، رانا ثناءاللہ کے حالیہ بیان میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو دو بار سیاسی ڈیل کی پیشکش کی گئی لیکن انہوں نے اسے مسترد کر دیا۔ اس پر ردعمل دیتے ہوئے فیصل واوڈا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کہا کہ راناثناصاحب، آپ نے کہا بانی پی ٹی آئی نے ڈیل نہیں مانی، تو یہ وضاحت کریں کہ یہ پیشکش کب، کہاں اور کیسے کی گئی۔
فیصل واوڈا نے سوال کیا کہ اگر مبینہ ڈیل قبول کر لی جاتی تو سیاستدانوں کا راستہ کس طرح متاثر ہوتا، اور کہا کہ بانی پی ٹی آئی کسی اور کے پیچھے نہیں جائیں گے، نہ کسی میں ہمت اور جرات ہے کہ وہ ایسا کر سکے۔
رانا ثناءاللہ کو مخاطب کرتے ہوئے واوڈا نے کہا کہ “ہوا میں سیاسی تیر نہ چلائیں، ورنہ اُڑتے تیر کی کہاوت سنی ہو گی۔ سیاسی باریک وارداتیں اب پرانی ہو گئی ہیں، کچھ نیا سوچیں۔ انسان کی عادت بدلی جا سکتی ہے فطرت نہیں۔ رمضان مبارک اینڈ گڈلک۔”