خواتین کو پنک اسکوٹیز کب ملیں گی؟ اہم تفصیلات سامنے آگئیں

سندھ حکومت نے صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید جدید، مؤثر اور عوام دوست بنانے کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے ہیں، جن میں نئے بس روٹس کے اجرا، ای وی ٹیکسی سروس اور خواتین کے لیے خصوصی سہولیات شامل ہیں۔

اس سلسلے میں محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں شہریوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی، نئے روٹس کے اجرا اور خواتین کے لیے خصوصی اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، منیجنگ ڈائریکٹر سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کنول نظام بھٹو، پیپلز بس سروس کے پروجیکٹ ڈائریکٹر صہیب شفیق سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رواں ہفتے سکھر تا شکارپور پیپلز بس سروس کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا، جس سے دونوں شہروں کے درمیان سفر کرنے والے ہزاروں مسافروں کو سہولت حاصل ہوگی۔ مزید برآں، منصوبے کے اگلے مرحلے میں خیرپور تا روہڑی اور خیرپور تا رانی پور کے روٹس پر بھی بس سروس شروع کی جائے گی۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کراچی میں نئے روٹس متعارف کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا طلبا کو 25 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دینے کا فیصلہ

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے حیدرآباد کے لیے بھی خصوصی منصوبہ بندی جاری ہے، جہاں حیدر چوک تا کوہسار اور حیدرآباد تا ٹنڈو الہیار روٹس پر جلد پیپلز بس سروس شروع کی جائے گی۔

اجلاس میں آئندہ مالی سال کے دوران ای وی، ہائبرڈ اور ڈبل ڈیکر بسوں کی خریداری کا فیصلہ بھی کیا گیا، جبکہ مختلف اضلاع میں مرحلہ وار نئی بس سروسز شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

خواتین کو بااختیار بنانے کے ویژن کے تحت اجلاس میں سکھر اور حیدرآباد میں خواتین کو پنک اسکوٹیز فراہم کرنے کی تقریبات جلد منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کی اولین ترجیح خواتین کو محفوظ اور بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا ہے، اور کراچی کے بعد دیگر شہروں میں پنک اسکوٹیز کی فراہمی اس سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔

اجلاس میں ای وی ٹیکسی اور پنک ٹیکسی سروس کے آغاز کے لیے چارجنگ اسٹیشنز اور دیگر ضروری انفراسٹرکچر پر جاری کام کا بھی جائزہ لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا کے ساتھ مذاکرات کا دوسرا دور ہو تو پاکستان ہماری ترجیح ہے،ایرانی حکام

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اس ماہ کے آخر تک ای وی ٹیکسی سے متعلق تمام تقاضے مکمل کر لیے جائیں گے، جس کے بعد یہ سروس جلد عوام کے لیے دستیاب ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے نہ صرف شہریوں کو جدید سفری سہولیات میسر آئیں گی بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *