حکومت نے قومی شناختی کارڈ کے سیکیورٹی اور تصدیقی فیچرز میں بڑی تبدیلیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت جدید بایومیٹرک اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو باضابطہ قانونی حیثیت دے دی گئی ہے۔
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق شناختی کارڈ میں فنگر پرنٹس اور آئرس اسکین کو قواعد کا مستقل حصہ بنا دیا گیا ہے، جبکہ کیو آر کوڈ کو بھی سیکیورٹی اور تصدیقی فیچر کے طور پر شامل کر لیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق کیو آر کوڈ پر مبنی تصدیق سے شہریوں کی شناخت کی فوری اور محفوظ جانچ ممکن ہو گی، جس سے جعلسازی کے امکانات کم ہوں گے اور سروس ڈیلیوری مزید بہتر ہوگی۔
60 سال سے زائد عمر کے شہریوں کو عمر بھر کے لیے مؤثر اسمارٹ شناختی کارڈ جاری کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، جس سے بار بار تجدید کی ضرورت نہیں رہے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد شناختی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
مزید جانیئے: شناختی کارڈ بنوانا مزید آسان ،نادرا انتظامیہ نے فرنچائزز کو اختیار دے دیے

