مظفرآباد: آزاد کشمیر پولیس نے کہا ہے کہ کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی پرتشدد کارروائیوں کے باعث کالعدم تنظیم کے 400 سے زائد شرپسند ممبران اور کارکنان کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کیے جا رہے ہیں۔
ترجمان آزاد کشمیر کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 4 اہلکار شہید اور 89 زخمی ہوئے جبکہ شرپسند عناصر کی کارروائیوں میں سی ایم ایچ راولاکوٹ کی توڑ پھوڑ، مریضوں پر تشدد اور براہِ راست فائرنگ کے واقعات شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق APC پر تقریباً 30 گولیوں کے نشانات پائے گئے جبکہ فائرنگ سے APC کے دو ٹائر بھی پھاڑ دیے گئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق راولاکوٹ میں شرپسند عناصر کی سرگرمیوں کو کنٹرول کرنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مناسب تعداد موجود ہے جو امن و امان کی بحالی کے لیے دن رات مصروف ہے۔
پولیس کے مطابق بھمبر، میرپور، کوٹلی، سدھنوتی، حویلی، باغ، جہلم ویلی، مظفرآباد اور نیلم سمیت تمام اضلاع میں حالات معمول کے مطابق ہیں۔ کہیں شٹر ڈاؤن اور کہیں معمولی پہیہ جام کی صورتحال موجود ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ کاروبار کرنے والوں اور گاڑی مالکان کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے، جس کے باعث کاروبار زندگی اور ٹریفک رواں دواں ہے۔ اس صورتحال کا کریڈٹ پولیس کے ساتھ امن پسند عوام کو بھی جاتا ہے۔
پولیس کے مطابق 6 جون 2026 سے 14 جون 2026 کے دوران کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے شرپسند عناصر کے خلاف مجموعی طور پر 81 مقدمات درج کیے گئے ہیں، جن میں ملوث 425 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 15 ناجائز خودکار ہتھیار بمعہ ایمونیشن، آہنی مکے، واکی ٹاکی سیٹ، حساس آلات اور دستاویزات برآمد کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ کالعدم تنظیم کے 400 سے زائد شرپسند ممبران اور کارکنان کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کیے جا رہے ہیں۔
آزاد کشمیر پولیس کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مؤثر حکمت عملی کے باعث مجموعی طور پر خطے میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہے۔ اضلاع کے درمیان ٹریفک کی آمد و رفت جاری ہے جبکہ تمام انٹری پوائنٹس کھلے اور مکمل طور پر بحال ہیں۔
ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پرامن رہیں، افواہوں پر یقین نہ کریں، قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں، حساس مقامات اور غیر قانونی اجتماعات سے دور رہیں اور کسی بھی کالعدم یا غیر قانونی سرگرمی میں ملوث تنظیم سے خود کو الگ رکھیں۔
مزید کہا گیا ہے کہ عوام مشکوک سرگرمیوں، مسلح افراد، اشتعال انگیز منصوبہ بندی یا امن عامہ کو متاثر کرنے والی کسی بھی صورتحال کی فوری اطلاع قریبی تھانے یا ضلعی انتظامیہ کو دیں۔