امریکا، ایران مفاہمت، پاکستان کا پیش رفت کا گرمجوشی سےخیرمقدم، یہ ایک تاریخی لمحہ ہے، اسحاق ڈار

امریکا، ایران مفاہمت، پاکستان کا پیش رفت کا گرمجوشی سےخیرمقدم، یہ ایک تاریخی لمحہ ہے، اسحاق ڈار

پاکستان نے امریکا اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان طے پانے والی مفاہمت کا گرمجوشی سے خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک اہم سفارتی کامیابی قرار دیا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلسل سفارتی روابط اور مذاکرات ہی پیچیدہ مسائل کے حل کا مؤثر ذریعہ ہیں۔

وزیر خارجہ و نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی پوسٹ میں کہا ہے کہ یہ پیش رفت دوستانہ ممالک کے اس مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ تنازع اور محاذ آرائی کے بجائے بات چیت اور سفارت کاری کو ترجیح دی جائے۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا ایران معاہدہ طے پانے کے بعد امریکی صدر اور نتین یاہو کے مابین رابطہ، ردعمل کیا رہا؟

انہوں نے لکھا کہ ’اس معاہدے نے عالمی برادری کو ایک حوصلہ افزا پیغام دیا ہے اور عالمی منڈیوں اور معیشت میں اعتماد اور استحکام پیدا کرنے میں مدد ملے گی، خصوصاً ترقی پذیر ممالک کے لیے جو علاقائی عدم استحکام سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔

پاکستان کا فعال سفارتی کردار

وزیر خارجہ نے کہا کہ مذاکرات کے پورے عمل کے دوران پاکستان تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہا اور تحمل، ذمہ دارانہ رویے اور تعمیری مکالمے کی حمایت کرتا رہا۔ پاکستان کا مؤقف ہمیشہ یہی رہا ہے کہ تمام تنازعات اور اختلافات کا حل صرف مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

امریکا اور ایران کی قیادت کے اعتماد پر اظہارِ تشکر

بیان میں امریکا اور ایران کی قیادت کی جانب سے پاکستان پر کیے گئے اعتماد کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے اس عزم کی تعریف کی گئی کہ وہ ایک پُرامن اور مذاکراتی حل کے حصول کے لیے مسلسل رابطے میں رہے۔

برادر ممالک اور عالمی شراکت داروں کی کوششوں کا اعتراف

پاکستان نے سعودی عرب، قطر، ترکیہ، مصر اور دیگر برادر ممالک کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ اور بین الاقوامی شراکت داروں کی مخلصانہ سفارتی کوششوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا، جنہوں نے پورے عمل کے دوران قریبی تعاون جاری رکھا اور اس اہم سنگِ میل کے حصول میں مدد فراہم کی۔

جنیوا میں 19 جون کو متوقع دستخطی تقریب

وزیر خارجہ نے کہا کہ باقی ماندہ امور پر مذاکرات جاری رہنے کے دوران وہ اس پیش رفت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون اور حمایت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

مزید پڑھیں:ایران امریکا معاہدے کو ’’اسلام آباد معاہدہ‘‘ کا نام دیا جائے گا، امریکی میڈیا

حکومت نے 19 جون کو جنیوا میں متوقع باضابطہ دستخطی تقریب کے انعقاد پر امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ مثبت پیش رفت خطے اور دنیا بھر میں پائیدار امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کی راہ ہموار کرے گی۔

امن اور خوشحالی کے نئے دور کی امید

پاکستان نے اپنے بیان کے اختتام پر اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ تاریخی پیش رفت خطے اور دنیا کے لیے امن، استحکام اور ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگی، ان شاء اللہ۔

Related Articles