جنوبی کوریا کے شہر سیئول میں سام سنگ الیکٹرونکس نے اپنا نیا فلیگ شپ اسمارٹ فون گیلیکسی ایس 26 متعارف کروا دیا ہے، جس کی قیمت میں امریکا اور جنوبی کوریا سمیت اہم مارکیٹوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔
کمپنی نے یہ قدم ایسے وقت اٹھایا ہے جب میموری چپس کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور اس سے کمپنی کے منافع پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سام سنگ نے امریکا میں ’گیلیکسی ایس 26‘ کی ابتدائی قیمت 899 ڈالر (ڈھائی لاکھ پاکستانی روپے) رکھی ہے، جو پچھلے ماڈل کے مقابلے میں تقریباً 4.7 فیصد زیادہ ہے۔
اس کے ساتھ ہی ’ایس 26 پلس‘ کی قیمت 1099 ڈالر (3 لاکھ 58 ہزار پاکستانی روپے) رکھی گئی ہے، جس میں تقریباً 10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ الٹرا ماڈل کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
جنوبی کوریا میں بنیادی ماڈل کی قیمت میں تقریباً 8.6 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
کمپنی نے اپنے نئے فون میں مصنوعی ذہانت کے جدید فیچرز شامل کیے ہیں، جن میں گوگل کا جیمنائی اے آئی سسٹم، پرپلیکسیٹی اے آئی کی ٹیکنالوجی اور سام سنگ کے اپنے اپ گریڈ شدہ بکسبی اسسٹنٹ شامل ہیں۔
اس اقدام کو اس لیے اہم سمجھا جا رہا ہے کیونکہ گزشتہ سال سام سنگ اسمارٹ فون فروخت میں اپنی پہلی پوزیشن گنوا کر ’ایپل‘ سے پیچھے ہو گیا تھا، جسے چین اور بھارت میں آئی فون کی مضبوط فروخت کا فائدہ ملا تھا۔
سام سنگ نے کچھ ایس 26 ماڈلز میں پہلی بار اپنے تیار کردہ ایگزینوس پروسیسر بھی استعمال کیے ہیں، جبکہ پچھلے ماڈل میں کوالکوم کے اسنیپ ڈریگن چپس استعمال کیے گئے تھے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی سے سام سنگ کے اپنے چپ بزنس کو فائدہ ہو سکتا ہے اور کمپنی کے منافع میں بہتری آ سکتی ہے۔
کمپنی کے مطابق گیلیکسی ایس 26 الٹرا میں ایک نیا پرائیویسی ڈسپلے بھی دیا گیا ہے ، جو اسکرین کو سائیڈ سے دیکھنے کو محدود کرتا ہے، جس سے صارف کی معلومات زیادہ محفوظ رہتی ہیں۔
سام سنگ نے اعلان کیا ہے کہ گیلیکسی ایس 26 سیریز کی فروخت 11 مارچ سے شروع ہو جائے گی۔
دوسری جانب چِپ مارکیٹ پر نظر رکھنے والے ادارے ٹرینڈ فورس کے مطابق رواں سال جنوری سے مارچ کے عرصے میں ڈائنامک رینڈم ایکسس میموری (ڈی آر اے ایم) چپس کی قیمتوں میں 90 سے 95 فیصد تک اضافے کا امکان ہے۔
قیمتوں میں اس نمایاں اضافے کی ایک بڑی وجہ یہ بتائی جا رہی ہے کہ میٹا اور دیگر ٹیکنالوجی کمپنیاں مصنوعی ذہانت کے انفراسٹرکچر میں تیزی سے سرمایہ کاری کر رہی ہیں، جس کے باعث میموری چپس کی طلب میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر آنے والے مہینوں میں چپس کی قیمتوں میں اسی رفتار سے اضافہ جاری رہا تو اسمارٹ فونز مزید مہنگے ہو سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں صارفین کی خریداری متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔