محکمہ موسمیات کی جانب سے پیش گوئی کی گئی ہے کہ کل سے لاہور شہر میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جس سے موسم میں بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ ہوا کی رفتار 2 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے اور فضا میں نمی کا تناسب 47 فیصد بتایا گیا ہے ، شہر میں کل سے 30 فیصد تک بارش کا امکان موجود ہے، جو موسم کو خوشگوار بنا سکتی ہے۔
ادھر ملک کے بالائی علاقوں کے حوالے سے بھی پیش گوئی کی گئی ہے کہ فروری کے آخر اور مارچ کے ابتدائی دنوں میں بارش متوقع ہے، ان بارشوں سے خشک موسم میں کمی آئے گی اور درجہ حرارت میں توازن پیدا ہوگا۔
دوسری جانب شہر میں فضائی آلودگی کی صورتحال بدستور تشویشناک ہے، لاہور کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 267 ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد شہر آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آ گیا ہے۔
مختلف علاقوں میں آلودگی کی شرح میں نمایاں فرق دیکھا گیا ہے ، سی اے پی آر آفس میں AQI کی شرح 288 ریکارڈ کی گئی، جو سب سے زیادہ رہی ، ماڈل ٹاؤن میں 257، ڈی ایچ اے فیز فائیو میں 267 جبکہ سول سیکرٹریٹ میں 234 کی سطح نوٹ کی گئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر بارش ہوتی ہے تو اس سے فضا میں موجود مضر ذرات کم ہو سکتے ہیں اور ایئر کوالٹی میں بہتری آنے کا امکان ہے جبکہ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ موجودہ آلودگی کی صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔