ایران کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں فضائی حدود کو جزوی طور پر کھولا جارہا ہے، آج صبح مقامی وقت کے مطابق 7 بجے سے مختلف ہوائی اڈوں پر پروازوں کی بحالی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق حکام نے تصدیق کی ہے کہ مشرقی فضائی راستوں پر بین الاقوامی پروازوں کی آمد و رفت بحال کر دی گئی ہے ، جس کے بعد حالیہ تعطل کا شکار ہونے والا ایرانی فضائی راستہ اب عالمی ٹریفک کے لیے دوبارہ دستیاب ہے۔
ایران میں ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے ہوائی اڈوں کو مرحلہ وار کھولا جائے گا، جس کا دارومدار تکنیکی تیاریوں اور عسکری و سویلین ہوا بازی کے شعبوں کے درمیان ہم آہنگی پر ہے۔
مسافروں کے لیے خدمات کی فراہمی حالات مستحکم ہونے کے ساتھ ساتھ بتدریج معمول پر آنے کی توقع ہے۔
انتظامیہ نے اس اقدام کو فضائی ٹریفک کی معمول پر واپسی کی جانب ایک محتاط قدم قرار دیا ہے، جبکہ حکام نے اس بات پر زور دیا ہے کہ آپریشنز کی بحالی میں حفاظت اور مکمل تیاری کو کلیدی اہمیت دی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ قبل ازیں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پرایک پوسٹ میں اسرائیل اور لبنان کے درمیان 10روزہ جنگ بندی کےدوران آبنائے ہرمز کھلا رکھنے کااعلان کیا تھا ۔