پاک افغان سرحدی علاقے میں بلا اشتعال جارحیت کے بعد افغان طالبان کے خلاف سکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے نیوافغان 8 پوسٹ پر قبضہ کر کے اسے دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے بلا اشتعال جارحیت کی کوشش کی گئی جس کے جواب میں پاکستان فوج نے فوری اور مؤثر کارروائی کی۔ سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے باعث دشمن پسپا ہونے پر مجبور ہو گئے اور موقع سے فرار اختیار کر لیا۔
بعد ازاں نیوافغان 8 پوسٹ کو مکمل طور پر ناکارہ بنانے کے لیے دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا گیا تاکہ اسے دوبارہ استعمال نہ کیا جا سکےسکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک افغان سرحد پر جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جارہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی سرحدوں کے دفاع اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ذرائع نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملکی سلامتی کے لیے ہر محاذ پر جوانمردی کے ساتھ دشمن عناصر کا مقابلہ کر رہی ہیں اور دہشت گردی یا جارحیت کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ سکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اہداف کو درست نشانہ بنایا۔